دہشتگردوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے 6 جدید اسالٹ ڈرونز فراہم کرنے کا فیصلہ

بدھ 23 جولائی 2025 20:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)محکمہ داخلہ پنجاب میں صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ کی صدارت میں انسداد دہشت گردی اینڈ ہارڈنڈ دی اسٹیٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کی روشنی میں پنجاب میں ہونے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چائنیز باشندوں کی فوری مدد اور راہنمائی کیلئے خصوصی واٹس ایپ نمبر جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبہ بھر میں مختلف پراجیکٹس پر کام کرنے والی ورک فورس کی ویری فکیشن کا عمل جاری ہے جسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف 2 ہزار انٹیلیجنس بیسڈ جبکہ25,641 کومبنگ آپریشنز کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبہ بھر میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف 876 مقدمات درج کروائے گئے۔

اسی طرح پنجاب میں مختلف آپریشنز کے دوران 19,000 کلوگرام سے زائد چرس، 1,700 کلو گرام ہیروئن اور 1010 کلوگرام آئس پکڑی گئی۔ صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ صوبہ بھر کی طرح سرحدی علاقوں بالخصوص ڈی جی خان اور میانوالی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہیں اور شہریوں کے جان و مال کو محفوظ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے 6 جدید اسالٹ ڈرونز فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی جی خان میں دہشت گردی کا موثر جواب دینے کیلئے اسالٹ ڈرون فراہم کر دیا گیا ہے۔ بلوچستان سے پنجاب آنے والے شہریوں کے خلاف ہونے والی کاروائیوں کی روک تھام کیلئے مسافر بسوں کو سکیورٹی دی گئی ہے۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبہ پنجاب میں 14 جوائنٹ چیک پوسٹس تعمیر کی جا رہی ہیں۔

وزیر قانون پنجاب نے صوبہ میں غیر قانونی طور پر موجود غیر ملکی باشندوں کا ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں موجود غیر ملکی اور دیگر صوبوں کے طالب علموں کا ڈیٹا بھی مرتب کیا جائے۔ وزیر قانون نے ہدایت کی کہ پنجاب ہائی ویز اور موٹروے کے داخلی و خارجی راستوں پر ڈیجیٹل مانیٹرنگ کیلئے اسپیشل برانچ، سیف سٹی اور موٹروے انتظامیہ مل کر کام کریں۔

سعودی عرب جاکر بھیک مانگنے والے افراد کے پاسپورٹ منسوخ کیے جا رہے ہیں اور انکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ اسی طرح پنجاب میں منشیات کے خلاف بھرپور کریک ڈان جاری ہے۔ پنجاب میں مربوط کریمنل جسٹس سسٹم پر تیزی سے کام جاری ہے۔ صوبہ بھر کے غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف کریک ڈان جاری ہے اور وزیراعلی پنجاب کی قیادت میں صوبہ میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی چودھری سلطان، ڈی آئی جی سپیشل برانچ خرم شہزاد، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عثمان گوندل، صوبہ بھر کے کمشنرز، انڈسٹری، پنجاب سیف سٹی، پراسیکیوشن، سوشل ویلفئر اور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔