علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، ریجنل ڈائریکٹر کراچی راجیش کمار کی زیر صدارت ٹیوٹرز کا ہنگامی اجلاس

بدھ 23 جولائی 2025 21:00

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، ریجنل ڈائریکٹر کراچی راجیش کمار کی زیر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی (AIOU) کے ریجنل کیمپس کراچی میں سمسٹر خزاں 2025 کے داخلوں کے سلسلے میں ریجنل ڈائیریکٹر راجیش کمار کی زیر صدارت اہم ٹیوٹرز اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شہر بھر سے کثیر تعداد میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کراچی کے اساتذہ کرام نے شرکت کی۔ اس اجلاس کا مقصد پارٹ ٹائم ٹیوٹرز کو داخلہ عمل میں شامل کرنا اور انہیں کراچی کیمپس میں دستیاب تعلیمی پروگراموں سے آگاہ کرنا تھا۔

اس اجلاس میں 150 سے زائد ٹیوٹرز نے شرکت کی۔ شرکا کو داخلہ کے طریقہ کار، پروگراموں کی تفصیلات اور نئے طلبہ کی راہنمائی میں ٹیوٹرز کے کردار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکا نے ریجنل کیمپس کراچی کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات اور تعاون کو سراہا اور داخلوں کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ریجنل ڈائریکٹر راجیش کمار نے ٹیوٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ AIOU کا کراچی کیمپس خاص طور پر طالبات اور ملازمت پیشہ افراد کے لیے آن لائن اور اوپن اینڈ ڈسٹنس لرننگ (ODL) کے ذریعے مختلف پروگرامز پیش کر رہا ہے، جو ان کے لیے تعلیم کے مواقع کو مزید آسان بناتا ہے۔

یہ اجلاس معلومات سے بھرپور رہا اور ٹیوٹرز کو داخلہ، درخواست کے عمل اور یونیورسٹی کے تعلیمی مواقع کے حوالے سے مکمل آگاہی فراہم کی گئی۔