مسلم کانفرنس خواتین ونگ کی قیادت کی سردار عتیق سے ملاقات

مظفرآباد ڈویژن میں تنظیمی سرگرمیوں میں تیزی لانے پر مشاورت

بدھ 23 جولائی 2025 23:36

مظفرآباد/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان اور چیئرمین یوتھ ونگ سردار عثمان علی خان سے مجاہد منزل میں مسلم کانفرنس خواتین ونگ کی چیئرپرسن سمعیہ ساجدراجہ،مظفرآباد ڈویژن کی صدر مقسوم کاظمی اور سیدظہورکاظمی نے ملاقات کی۔ملاقات میں مظفرآباد ڈویژن میں مسلم کانفرنس خواتین ونگ کی تنظیم سازی، خواتین ونگ کے کنونشنز اور خواتین ونگ کو مزید فعال کرنے کے لئے مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے چیئرپرسن سمعیہ ساجد راجہ اور مظفرآباد ڈویژن کی صدر مقسوم کاظمی کے کام کو سراہا اور ہدایت کی کہ آزاد کشمیر میں بالعموم اور مظلفرآباد ڈویژن میں بالخصوص خواتین ونگ کو فعال اور متحرک کیا جائے ،پارٹی کی خواتین کارکنان نظریاتی و سیاسی محاذ پر ایک متحرک کردار ادا کر رہی ہیں اور آنے والے دنوں میں خواتین ونگ کو مزید فعال بنا کر ہر یونین کونسل اور وارڈ کی سطح تک منظم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سمعیہ ساجد نے کہا کہ مسلم کانفرنس کی خواتین کارکنان نظریاتی سیاست کی امین ہیں اور پارٹی کے پیغام کو گھروں، اداروں اور معاشرے میں پہنچانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں مختلف سطحوں پر خواتین کنونشنز کا انعقاد کیا جائے گا، جن کے ذریعے خواتین کی سیاسی تربیت اور تنظیمی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔

محترمہ مقسوم کاظمی نے کہا کہ مظفرآباد ڈویژن میں خواتین ونگ کی تنظیم سازی کے لیے ہم ایک واضح حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں اور بہت جلد یونین کونسل سطح پر تنظیمی ڈھانچے مکمل کیے جائیں گے۔صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین قوم کی معمار ہوتی ہیں اور کسی بھی تحریک یا تنظیم کی کامیابی میں ان کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

مسلم کانفرنس نے ہمیشہ خواتین کو سیاسی پلیٹ فارم مہیا کیا اور ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کیا ہے۔ انہوں نے خواتین ونگ کو ہدایت کی کہ تنظیمی عمل میں تیزی لائی جائے اور نظریاتی بنیادوں کو مضبوط رکھتے ہوئے عوامی رابطہ مہم کو فروغ دیا جائے۔چیئرمین یوتھ ونگ سردار عثمان علی خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے اور یوتھ ونگ اور خواتین ونگ کا اشتراک پارٹی کو ایک نئی قوت بخشتا ہے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور تمام رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلم کانفرنس کو ایک بار پھر ریاست کی سب سے منظم اور فعال جماعت کے طور پر ابھارا جائے گا، جس میں خواتین کا کردار کلیدی ہو گا۔