وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے احساس اپنا گھر کے تحت 5 مرلہ کی شرط کو بڑھا کر 10 مرلہ کر دی

اسکیم کی اہلیت کیلئےآمدنی کی حد ایک لاکھ سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپےماہانہ کر دی گئی، احساس پروگراموں میں ضم اضلاع کیلئے بھی مخصوص فنڈز رکھیں گے، وزیراعلٰی کا پروگراموں کیلئے 8 ارب روپے جاری کرنے کا اعلان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 23 جولائی 2025 20:11

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے احساس اپنا گھر کے تحت 5 مرلہ کی شرط کو بڑھا ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جولائی 2025ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت احساس فلیگ شپ منصوبوں سے متعلق اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں احساس انیشیٹو کے تحت مختلف فلاحی پروگراموں جن میں احساس نوجوان، احساس ہنر، احساس روزگار اور احساس اپنا گھر پروگرام پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے رواں مالی سال کے لئے احساس پروگراموں کے لیے 8 ارب روپے جاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہر پروگرام کے تحت رواں سال بلاسود قرضوں کی فراہمی پر 2 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ضم اضلاع کے عوام کے لئے ایک اہم اقدام کے طور پر چاروں پروگراموں میں ضم اضلاع کے لیے علیحدہ اور مخصوص فنڈز رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ان پروگراموں کے تحت قرضوں کے حصول کے سلسلے میں ضم اضلاع کے لئے طریقہ کار اور لوازمات کو بھی آسان کیا جائے۔ ضم اضلاع کے عوام خصوصی توجہ کے مستحق ہیں،کوشش کی جائے کہ رواں سال ضم اضلاع سے زیادہ سے زیادہ لوگ ان سکیموں سے مستفید ہوں۔

وزیراعلیٰ نے احساس پروگرامز کے تحت قرضوں کی تقسیم کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزاروں کی  سلیکشن کا کرائٹیریا مزید آسان کیا جائے۔ اجلاس کو احساس پروگراموں کے تحت اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ احساس نوجوان پروگرام کے کمپونینٹ ون کے تحت بینک آف خیبر کے ذریعے عمل درآمد جاری ہے ، اب تک اس کمپونینٹ کے تحت 139 درخواست گزاروں میں 408 ملین روپے کے قرضے تقسیم کئے گئے ہیں، پروگرام کے تحت جاری شدہ فنڈ ز سو فیصد کئے جاچکے ہیں۔

اسی طرح کمپونینٹ ون کے تحت منظور شدہ مزید 52 درخواست گزاروں کے لیے 116 ملین روپے درکار ہیں۔ احساس نوجوان پروگرام کے کمپونینٹ ٹو پر اخوت مائکرو فنانس کے ذریعے عمل درآمد جاری ہے، اخوت کمپونینٹ کے تحت مختص شدہ فنڈز سو فیصد تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ اب تک 3585 درخواست گزاروں میں 602 ملین روپے کے بلاسود قرضے تقسیم کیے گئے ہیں جبکہ اخوت کمپونینٹ کے تحت مزید 1745 کیسز پراسیس میں ہیں۔

  مزید بتایا گیا ہے کہ اخوت پروگرام کے تحت قرضوں کی ریکوری کی شرح بھی سو فیصد ہے اور اب تک 42.88 ملین روپے ریکور ہو چکے ہیں۔ احساس ہنر پروگرام کے تحت بھی 647 درخواست گزاروں میں 307 ملین روپے کے قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ  احساس ہنر پروگرام کے تحت مزید 592 کیسز پراسیس میں ہیں۔ احساس اپنا گھر سکیم کے تحت قرعہ اندازی کے ذریعے 76 کامیاب درخواست گزاروں میں 200 ملین روپے تقسیم کیے گئے ہیں۔ اسکیم کے تحت رواں مالی سال قرضوں کی فراہمی کے لیے کرائٹیریا مزید ریلیکس کر دیا گیا ہے۔ اسکیم کے تحت اہلیت کے لیے آمدنی کی حد 1 لاکھ سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ کر دی گئی ہے اسی طرح 5 مرلہ کی شرط کو بڑھا کر 10 مرلہ کر دیا گیا ہے۔