صدر مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کی نیول فورسز کے کمانڈر سٹاف میجر جنرل حمید عبداللہ الرمیثیی کو نشان امتیاز (ملٹری) سے نوازا

پیر 8 ستمبر 2025 18:24

صدر مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کی نیول فورسز کے کمانڈر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیر کو ایوان صدر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں متحدہ عرب امارات کی نیول فورسز کے کمانڈر سٹاف میجر جنرل حمید عبداللہ الرمیثیی کو نشان امتیاز (ملٹری) سے نوازا۔ بعد ازاں کمانڈر سے ملاقات کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ یہ ایوارڈ ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یو اے ای کی نیول فورسز کے کمانڈر کا دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پائیدار برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے جو تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا ثبوت ہے۔ صدر مملکت نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط دفاعی اور سکیورٹی شراکت داری کو اجاگر کرتے ہوئے امن ڈائیلاگ 25 اور مشق امن 25 میں متحدہ عرب امارات کی بحریہ کی فعال شرکت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے متحدہ عرب امارات کی بحریہ کی جانب سے پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت پر اعتماد کو سراہا اور یقین دلایا کہ پاکستان نیوی مستقبل میں بھی یو اے ای کی بحریہ کی افرادی قوت کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیار ہے۔ صدر مملکت نے دونوں بحری افواج کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان غیر معمولی اور مثالی تعلقات ہیں جو گہرے تاریخی رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں اور عوام کے درمیان پائیدار بندھنوں کو مضبوط کرتے ہیں۔

انہوں نے ان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ متحدہ عرب امارات کی نیول فورسز کے کمانڈر نے صدر مملکت کو بتایا کہ ان کے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں، انہوں نے پاکستان نیول اکیڈمی کراچی سے گریجویشن کے دوران چار سال پاکستان میں گزارے۔ اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، قومی اسمبلی کے سابق سپیکر راجہ پرویز اشرف، سابق چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری اور چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔