ورکر ویلفیئر کارڈ 34 لاکھ صنعتی مزدوروں کو ریلیف فراہم کریگا، رفیق قریشی

پیر 8 ستمبر 2025 18:35

ورکر ویلفیئر کارڈ 34 لاکھ صنعتی مزدوروں کو ریلیف فراہم کریگا، رفیق قریشی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)محنت کشوں کو ریلیف دینے کے لیے ہرممکن اقدام کررہے ہیں۔ ورکرز ویلفیئر بورڈ نے سندھ انشورنس کمپنی کے اشتراک سی ملک کا پہلا ڈیجیٹل ورکر ویلفیئر کارڈ متعارف کروایا ہے۔ سیکریٹری محنت رفیق قریشی کہتے ہیں کہ ورکرز ویلفیئر کارڈ 34 لاکھ صنعتی مزدوروں کو شفاف اور کاغذی کارروائی سے آزاد سہولت فراہم کرے گا۔

اب مزدوروں کو لائنوں میں لگنے یا بروکرز پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ تمام سہولتیں براہ راست ان کے شناختی کارڈ سے منسلک ہونگی۔ سیکریٹری محنت نے بتایا کہ صرف رجسٹرڈ مزدور ہی اس کارڈ کے اہل ہوں گے اور ان کے لیے اندراج کا عمل نہایت آسان بنایا گیا ہے۔ مزدور ویب سائٹ پر جا کر اپنا شناختی کارڈ نمبر اور ادارے کی تفصیلات درج کریں گے اور نظام فوری طور پر نادرا اور ای او بی آئی کے ڈیٹا کے ذریعے تصدیق کرے گا جس سے انسانی مداخلت کے بغیر شفاف اندراج ممکن ہوگا۔

(جاری ہے)

سیکریٹری محنت رفیق قریشی نے بتایا کہ ورکرز ویلفیئر کارڈ کے ذریعے مزدوروں کو ڈیتھ گرانٹ، شادی گرانٹ، تعلیمی وظائف اوردیگر فلاحی سہولتیں براہ راست ملیں گی جبکہ سندھ انشورنس لمیٹڈ اور تکافل سسٹم کے تحت ہر رجسٹرڈ مزدور کو ملک بھر کے 250 سے زائد اسپتالوں میں سات لاکھ روپے سالانہ تک کی حادثاتی ہیلتھ انشورنس کوریج کی سہولت دستیاب ہوگی۔

یہ سہولت مکمل طور پر کیش لیس ہوگی اور تمام تر تصدیق سندھ انشورنس کمپنی کے ذریعے ہوگی اور اس میں ہر قسم کے حادثات شامل ہوں گے۔ سیکریٹری محنت نے مزید کہا کہ ورکر ویلفیئر کارڈ کے ساتھ سندھ حکومت نے محنت کش خواتین کی سہولت کے لیے 10 ہزار الیکٹرک موٹر سائیکلیں مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں سے 20 فیصد کوٹہ اقلیتی برادری کے لیے مختص ہوگا تاکہ خواتین کی آمدورفت میں آسانی ہو اور سماجی شمولیت کو فروغ ملے۔ ساتھ ہی سلائی مشینوں کی تقسیم، فلاحی کالونیوں اور تعلیمی اداروں کی بحالی کے منصوبے بھی تیزی سے مکمل کیے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :