غیر ملکی قرضوں کے استعمال میں اصلاحات نا گزیر ہیں ۔امجد چودھری

بدھ 23 جولائی 2025 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) پاکستان کسٹم کلیرنس ایجنٹس ایسوسی ایشن کے روح رواں اور لاہور بزنس مین فرنٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین امجد چوہدری نے غیر ملکی قرضوں کے استعمال میں اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرضوں کو غیر پیداواری اخراجات کے بجائے معیشت کو ترقی دینے والی سرمایہ کاری پر خرچ کیا جانا چاہئے تاکہ پاکستان کی معیشت مصنوعی کی بجائے حقیقی معنوںمیں ترقی کر سکے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ایک عالمی ادرے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پاکستان کا قرض معیشت کی حقیقی ترقی کی بجائے زیادہ تر کھپت کے لیے استعمال ہوتا ہے۔امجد چوہدری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قرض صنعتوں کی توسیع، برآمدی ڈھانچے، ٹیکنالوجی اپنانے اور نجی شعبے کی ترقی پر خرچ کیا جانا چاہئے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہو ں اور قرضوں کی واپسی کے قابل معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔