امریکی کار ساز کمپنی ٹیسلا کے منافع میں 16 فیصد کمی

جمعرات 24 جولائی 2025 15:59

امریکی کار ساز کمپنی ٹیسلا کے منافع میں  16 فیصد  کمی
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) امریکی کار ساز کمپنی ٹیسلا کے منافع میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران 16 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ٹیسلا نے اپنے بیان میں کہا کہ کمپنی کا سہ ماہی منافع 16 فیصد کمی کے ساتھ 1.2 ارب ڈالر رہا جس کی بڑی وجہ الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں کمی، مسابقت میں اضافہ اور سی ای او ایلون مسک کی امریکی سیاست میں شمولیت پر تنقید ہے۔

رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران ٹیسلا کی آمدنی 12 فیصد کمی کے ساتھ 22.5 ارب ڈالر پر آ گئی جبکہ کمپنی کی کارکردگی پر اثر انداز ہونے والے عوامل میں گاڑیوں کی ترسیل میں کمی اور اے آئی اور آر اینڈ ڈی میں اضافی اخراجات شامل ہیں۔ ٹیسلا نے اپنی پریس ریلیز میں بتایا کہ وہ مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس میں قیادت حاصل کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے تاہم ٹیسلا نے سالانہ پیداوار کے حوالے سے کوئی پیش گوئی نہیں کی اور کہا کہ عالمی تجارتی اور مالیاتی پالیسیاں مسلسل تبدیل ہو رہی ہیں جن سے نتائج متاثر ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

کمپنی نے کہا کہ ہم سمجھ داری سے سرمایہ کاری کر رہے ہیں تاکہ ہماری گاڑیوں اور توانائی کے شعبے میں ترقی ہو لیکن حتمی نتائج عالمی معیشت، خودکار ٹیکنالوجی میں پیش رفت اور فیکٹریوں میں پیداواری صلاحیت جیسے مختلف عوامل پر منحصر ہوں گے ۔کمپنی نے اعلان کیا کہ رواں سال جون میں ایک کم قیمت ماڈل کی تیاری شروع ہو گئی ہے اور 2025 کی دوسری ششماہی میں اس کی بڑے پیمانے پر پیداوار متوقع ہے۔ٹیسلا نے ماڈل ’’وائے‘‘ کو بھی نیا انداز دیا ہے جس کی ابتدائی قیمت 37,490 ڈالر ہے تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ ٹیکس اور مالیاتی پیکیج کے بعد 7,500 ڈالر کی فیڈرل ٹیکس چھوٹ ختم ہو جائے گی جس سے اس کی قیمت بڑھنے کا امکان ہے۔