سیاسی رہنماء 50 سال کی عمر میں میٹرک کا امتحان پاس کرنے میں کامیاب

مقامی سطح پر معروف سیاسی و سماجی شخصیت کی کامیابی کو نوجوانوں اور بزرگوں کیلئے ایک روشن مثال قرار دیدیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 24 جولائی 2025 12:42

سیاسی رہنماء 50 سال کی عمر میں میٹرک کا امتحان پاس کرنے میں کامیاب
مطفرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جولائی 2025ء ) آزاد کشمیر کی جہلم ویلی سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماء نے 50 سال کی عمر میں میٹرک کا امتحان پاس کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میرپور بورڈ کے تحت منعقدہ میٹرک امتحانات میں ضلع جہلم ویلی ہٹیاں بالا چناری سے تعلق رکھنے والے معروف مقامی سیاسی و سماجی رہنما غلام مرتضیٰ کاظمی نے 50 برس کی عمر میں نمایاں نمبرز کے ساتھ میٹرک کے امتحان میں کامیابی حاصل کی اور علاقے میں نئی مثال قائم کردی، مقامی سطح پر غلام مرتضیٰ کاظمی کی اس کامیابی کو نوجوانوں اور بزرگوں کیلئے ایک روشن مثال قرار دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے غلام مرتضیٰ کاظمی نے کہا کہ تعلیم صرف سند نہیں بلکہ شعور عزم اور خود کو مسلسل بہتر بنانے کا نام ہے اور زندگی میں سیکھنے کا عمل کبھی ختم نہیں ہوتا اور اگر جذبہ ہو تو عمر مصروفیات یا کوئی رکاوٹ راستہ نہیں روک سکتی، اسی سوچ کو ذہن میں رکھتے ہوئے میں نے بھی محنت اور لگن سے پچاس برس کی عمر میں میٹرک کا امتحان پاس کیا، اسی طرح نوجوان بھی اگر محنت لگن جاری رکھیں تو کبھی بھی ناکام نہیں ہو سکتے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف لاہور بورڈ کے زیر انتظام سرکاری سکول میں پڑھنے والے سبزی فروش کے بیٹے نے میٹرک میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) یعنی میٹرک کے سالانہ امتحانات 2025ء کے نتائج کا اعلان کیا ہے، کمشنر لاہور ڈویژن اور بورڈ کے چیئرمین زید بن مقصود نے اس حوالے سے منعقدہ تقریب کی صدارت کی اور بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء کے ناموں کا اعلان کیا۔

بتایا گیا ہے کہ رول نمبر 115235 کی حامل طالبہ حرم فاطمہ نے 1193 نمبروں کے ساتھ مجموعی طور پر ٹاپ پوزیشن حاصل کی، نورالہدیٰ اور حاجی ابوذر تنویر 1188 نمبر لے کر مشترطہ طور پر دوسری پوزیشن پر رہے، محمد علی نے 1186 نمبرلے کر تیسری پوزیشن حاصل کی، اسی طرح سرکاری سکول میں پڑھنے والے سبزی فروش کے بیٹے نے بھی میٹرک بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

معلوم ہوا ہے کہ فیضان گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1 شاہکوٹ کا ہونہار طالب علم ہے جس نے لاہور بورڈ میٹرک امتحانا ت میں 1186نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی، سرکاری سکول میں پڑھنے والے سبزی فروش کے بیٹے ملک فیضان رضا نے شاندار کارنامہ انجام دے کر اپنے والد کا سر فخر سے بلند کیا، فیضان کا کہنا ہے کہ میری یہ کامیابی اساتذہ کی محنت اور والدین کی دعاؤں کا ثمر ہے۔