برازیل کا اسرائیل کے خلاف عالمی مقدمے میں جنوبی افریقہ کا ساتھ دینے کا اعلان

جمعرات 24 جولائی 2025 16:36

دی ہیگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء)عالمی عدالت انصاف میں غزہ میں اسرائیل کی جانب سے روا رکھی گئی نسل کشی کے مقدمے میں برازیل نے جنوبی افریقہ کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا ڈا سلوا طویل عرصے سے غزہ میں اسرائیل کے اقدامات کے سخت ناقد رہے ہیں۔ ان کا موقف فلسطینی عوام کے حق میں اور اسرائیلی پالیسیوں کے خلاف رہا ہے۔

برازیل نے عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف غزہ میں کی جانے والی نسل کشی کے مقدمے میں فریق بنتے ہوئے جنوبی افریقہ کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ برازیل کی وزارت خارجہ کی جانب سے بتایا گیا کہ آئی سی جے میں اسرائیلی اقدامات کے خلاف باضابطہ حصہ بنے کی درخواست آخری مراحل میں ہے۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ کی جانب سے اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں 2023 سے مقدمہ دائر کیا گیا تھا جس میں اسرائیل پر 1948 عالمی کنوینشن برائے نسل کشی کی خلاف ورزی کرنے کا الزام ہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے دائر کیے گئے مقدمے میں بتایا گیا کہ اسرائیل نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کا بہانہ بنا کر شہریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسکولوں، اسپتالوں اور عوامی پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا۔اسرائیل کے خلاف اس مقدمے میں ترکیہ، اسپین اور کولمبیا سمیت دیگر ممالک نے بھی شامل ہونے کی کوشش کی ہے۔