مالی سال 2025 میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی ترسیلات 2.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، کھاتوں کی مجموعی تعداد 8.3 لاکھ سے متجاوز

جمعرات 24 جولائی 2025 16:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) مالی سال 2025 میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی ترسیلات 2.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، کھاتوں کی مجموعی تعداد 8.3 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مالی سال 2025 کے اختتام پر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس (RDA) سے متعلق تازہ ترین اعدادوشمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق مذکورہ مالی سال کے دوران 119,185 نئے کھاتے کھولے گئے۔

اس طرح ستمبر 2020 میں آغاز سے لے کر جون 2025 کے اختتام تک روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی مجموعی تعداد 831,963 ہو گئی ہے۔سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2025 میں روشن ڈیجیٹل کھاتوں میں 2.308 ارب امریکی ڈالر جمع کرائے گئے،جس سے مجموعی طور پر ستمبر 2020 سے جون 2025 تک جمع ہونے والی رقم 10.563 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔اسی عرصے میں200 ملین ڈالر آ ر ڈی اے کھاتوں سے نکلوائے گئے،جبکہ 57 ماہ کے دوران واپسی کی مجموعی رقم 1.811 ارب ڈالر رہی۔

(جاری ہے)

مالی سال 2025 کے دوران 1.55 ارب ڈالر مقامی سطح پر مختلف مدات میں خرچ کیے گئے اور مجموعی طور پر 6.762 ارب ڈالر مقامی معیشت میں استعمال کیے جا چکے ہیں۔مالی سال 2025 کے اختتام پر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں جمع شدہ واجب الادا ڈیپازٹس کی مالیت 1.99 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 558 ملین ڈالر کا اضافہ ظاہر کرتی ہے۔روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس اسکیم حکومتِ پاکستان اور اسٹیٹ بینک کی ایک اہم مالیاتی اصلاحات کا حصہ ہے، جس کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کو سہل، محفوظ اور بااعتماد بینکاری و سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنا ہے۔