مون سون شجر کاری، چیف سیکرٹری پنجاب نے سول سیکریٹ کے سبزہ زار میں پودا لگایا

جمعرات 24 جولائی 2025 16:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء)چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے جمعرات کے روزمون سون شجرکاری مہم کے سلسلے میں سول سیکرٹریٹ کے سبزہ زار میں پودا لگا یا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے بچاؤ کے لیے شجرکاری ناگزیر ہے۔انہوں نے نے کہا کہ درخت فطرت کی جانب سے ایک ایسی قدرتی ڈھال ہیں جو نہ صرف آلودگی کے خلاف تحفظ فراہم کرتے ہیں بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور سرسبز مستقبل کی ضمانت بھی ہیں۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شہروں کو سرسبز، خوشنما اور ماحول دوست بنانے کے لیے ایک جامع حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام اضلاع میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹیز (PHA) قائم کی جا رہی ہیں تاکہ شہری سطح پر شجرکاری اور ہارٹیکلچر سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے عوام سے اپیل کی کہ و ہ شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور لگائے گئے پودوں کی دیکھ بھال کو یقینی بنائیں ۔

انہوں نے کہا کہ شجرکاری صرف ایک مہم نہیں بلکہ ایک قومی ذمے داری ہے، جس میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔لاہور میں پی ایچ اے کی ہارٹیکلچر سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ ان کی بدولت شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ڈی جی پی ایچ اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہور میں 1399 ہیلپ لائن کے ذریعے گھر گھر جا کر شہریوں کو مفت پودے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اہم شاہراہوں، بالخصوص کینال روڈ کو پھولدار پودوں سے آراستہ کر کے شہرکی خوبصورتی میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔