ائیر انڈیا حادثہ، بھارت نے برطانیہ میں ہلاک افراد کے لواحقین کو غلط لاشوں کی باقیات بھیج دیں

جمعرات 24 جولائی 2025 16:41

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء)بھارت نے ائیر انڈیا کے حادثے میں جاں بحق افراد کی باقیات کی غلط شناخت کی اور برطانیہ میں لواحقین کو غلط لاشوں کی باقیات بھیج دیں۔احمد آباد طیارہ حادثے میں ہلاک افراد کی باقیات کی غلط شناخت کی رپورٹ سامنے آئی ہے جس کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی برطانیہ میں ان کے لواحقین کو غلط لاشوں کی باقیات بھیجی گئیں۔

(جاری ہے)

برطانیہ میں جب ان کے پیاروں کے تابوت واپس آئے تو ان میں اجنبی مسافروں کی باقیات موجود تھیں۔رپورٹ کے مطابق مرنے والوں کی شناخت غلط طور پر کی گئی تھی اور ان کے اہل خانہ کو ان کے اصل پیاروں کے بجائے کسی اور کی لاشیں بھیج دی گئیں۔بھارت کی جانب سے ایک ہلاک خاتون کی لاش کی بجائے کسی اورکی لاش برطانیہ پہنچائی گئی ۔خاتون کے بیٹے متن پٹیل کے مطابق تابوت میں لاش اس کی والدہ کی نہیں ،طیارہ حادثے میں متن پٹیل کے والد اور والدہ ہلاک ہوئے تھے ۔اس سنگین معاملے پر لندن اور بھارت میں اعلی سطحی تحقیقات جاری ہیں۔