فیصل آباد بورڈ نے جماعت دہم کے پہلے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا

جمعرات 24 جولائی 2025 17:26

فیصل آباد بورڈ   نے    جماعت دہم  کے  پہلے سالانہ  امتحانات کے نتائج کا ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) کمشنروچیئرپرسن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد مریم خان نے لیپ ٹاپ کا بٹن دباکر جماعت دہم کے پہلے سالانہ امتحانات نتائج کا اعلان کر دیا۔امتحانات میں کامیابی کا تناسب73.63 فیصد رہا ۔ اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ کے جاری کردہ نتائج کے مطابق میٹرک امتحان میں کل ایک لاکھ 73 ہزار 239 طلبہ نے حصہ لیا جن میں سے ایک لاکھ 37 ہزار 948 امیدوار کامیاب ہوئے۔

امتحانات میں محمد معیز قمر نے 1189 نمبر حاصل کر کے پہلی،ماہم ممتاز نے1187 نمبر حاصل کر کے دوسری جبکہ میرب ورک نے 1186 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ڈویژنل ماڈل کالج کے حال میں منعقدہ تقریب میں کمشنر مریم خان نے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو کامیابی پر مبارکباد دی اور ان میں رول آف آنر،لیپ ٹاپس اور نقد انعامات تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ محنت زندگی میں کامیابی کی کنجی ہے۔

زندگی میں آگے بڑھنے کے لئے انتھک محنت کی جائے تاکہ مستقبل روشن ہو۔کمشنر نے آرٹس گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر بھٹہ مزدور کے بیٹے کو خصوصی شاباش دی۔قبل ازیں تقریب میں آمد پر کمشنر نے ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج میں پودا بھی لگایا۔تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر جعفر علی، سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر جبیب اللہ اور پوزیشن ہولڈر طلبہ کے والدین اور شعبہ تعلیم کے افسران نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :