ساہیوال بورڈ کے میٹرک امتحان2025میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد

جمعرات 24 جولائی 2025 16:58

ساہیوال بورڈ کے میٹرک امتحان2025میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات ..
ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) ساہیوال بورڈ کے میٹرک امتحان2025میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج ساہیوال میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں 12سو میں سے 1189 نمبرز لے کر ساہیوال بورڈ میں پہلی پوزیشن جبکہ پنجاب بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم فیضان فرید اسرار کو لیپ ٹاپ، کیش پرائز اور میڈلز جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو کیش پرائز اور میڈلز دیے گئے۔

کمشنر ساہیوال /چیئرپرسن ساہیوال بورڈ ڈاکٹرآصف طفیل اور ممبر پنجاب اسمبلی ملک قاسم ندیم تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل اور ایم پی اے ملک قاسم ندیم کی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات، ان کے اساتذہ اور والدین کو مبارکباددی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ نوجوان طلبہ و طالبات ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جنہوں نے ملک کو آگے لے کرچلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب شعبہ تعلیم کے فروغ کے لئے خطیر رقم خرچ کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبہ وطالبات کے لئے سکالرشپ، لیپ ٹاپ جیسی سکیمیں شروع کیں۔انہوں نے کہا کہ پوری ریاست آپکے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ مزید محنت کریں حکومت ان کی پوری سپورٹ کرے گی۔ ممبر پنجاب اسمبلی ملک قاسم ندیم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر بچوں کے اعزاز میں ایسی تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات محنت کریں اور ملک و قوم کی خدمت کریں۔تقریب میں سیکرٹری بورڈ فیاض سلیمی، کنٹرولر امتحانات رانا نوید عظمت، تینوں اضلاع کے چیف ایگزیکٹو افسران سمیت محکمہ تعلیم کے دیگر افسران نے شرکت کی۔