ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی زیر صدارت مون سون بارشوں کے حوالے سے اہم اجلاس کا انعقاد

جمعرات 24 جولائی 2025 18:30

کوہستان لوئر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کوہستان لوئر عبدالولی خان کی زیر صدارت مون سون بارشوں کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔اجلاس میں بارشوں کی وجہ سے ممکنہ نقصانات اور فلیش فلڈ کا سدباب کرنے کیلئے تمام محکموں کی تیاریوں اور استعداد کار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف کوہستان لوئر، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کے افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کوہستان لوئر نے ٹی ایم اے اہلکاروں کو روزانہ کی بنیاد پر ندی، نالوں کی صفائی کی ہدایات دی اور کہا کہ محکمہ صحت کے اہلکار کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی ادویات اور عملے کی موجودگی یقینی بنانے ، تمام محکمے آپس میں مربوط رابطہ رکھیں تاکہ ناگہانی صورتحال میں بروقت سدباب کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے 24 گھنٹے الرٹ ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کوہستان لوئر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں تمام چھٹیاں بھی منسوخ کی گئی ہیں،مون سون بارشوں کے باعث دریائے سندھ اور دیگر آبی گزرگاہوں میں پانی کی سطح میں اضافہ کا امکان ہے جس سے قرب و جوار کے علاقوں میں رہنے والے شہریوں کی زندگی و املاک کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کوہستان لوئر کی جانب سے عوام کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کوہستان لوئر، ریسکیو 1122، پولیس اور متعلقہ محکمے مکمل طور پر الرٹ اور تیار ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے، ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 یا ڈپٹی کمشنر کنٹرول روم 0998405166 فوری رابطہ کریں تاکہ احتیاط، تعاون اور آگاہی سے ہم سب محفوظ رہ سکتے ہیں۔