ناموس رسالتؐ صحابہ واہلبیتؓ کیلئے سب متحد ہیں،مولانا قاری عبدالمالک

جمعرات 24 جولائی 2025 22:48

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء) جمعیت علماء اسلام جموں وکشمیر کے سرپرست اعلیٰ بزرگ عالم دین شیخ القرآن مولانا قاری عبدالمالک توحیدی سے مرکزی سیکرٹری جنرل جمعیت مولانا امتیاز احمد عباسی کی ملاقات،مولانا کی خیریت دریافت کی ،آزاد کشمیر میں قرآن وسنت کے نظام کے لیے کاوشیں جاری رکھیں گے ،جمعیت علماء اسلام کا منشور اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام ہے عوام نے ہمیشہ علماء کی قدر کی اور ان کی بات کو پذیرائی بخشی ،ناموس رسالت ؐ، ناموس صحابہ واہلبیت ؓکے تحفظ کیلئے ہر قربانی دیں گے ،حکومت اسمبلی سے پاس کردہ قوانین پر عمل درآمد کروائے ،ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام کے ہر دو مرکزی زعماء نے یہاں مظفرآباد توحیدی ہائو س میں گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام مظفرآباد ڈویژن کے سیکرٹری جنرل اور جامعہ اشاعت القرآن مولانا قاری عبدالماجد ودیگر بھی موجود تھے،علمائے کرام نے کہا کہ ناموس رسالت ؐ پر کوئی کمپرمائز نہیں کر سکتے گستاخان کے خلاف مظفرآباد،ہٹیاں بالا،باغ،نیلم اور دیگر علاقوں میں جو سرکاری سطح پر اقدامات اٹھائے گے یہ قابل تحسین ہے اس سے مذہبی منافرت ،فرقہ واریت اور دہشتگردی کا خاتمہ ہو گا ،ناموس صحابہ واہلبیت ؓ کیلئے بھی ہم سب یک آواز ہیں علماء نے کہا کہ حکومت اسمبلی سے منظور کردہ قانون ختم نبوت اور ناموس رسالت و صحابہ اہلبیت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے دینی مدارس کے اقامتی طلبہ کے حوالے سے جو مسائل ہیں انھیں فوراًً حل کیا جائے ،علمائے نے غزہ میں بچوں کی غذائی قلت اور اسرائیلی بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فوری طور پر اہل فلسطین کی مدد کرنے اور اسرائیل کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا مطالبہ کیا ۔