آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کی شہداءکے بچوں سے ملاقات

جمعرات 24 جولائی 2025 23:25

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمیدنے گزشتہ روز منعقد ہونے والی پریس کانفرنس میں شہداءپولیس کے بچوں کی جانب سے اٹھائے گئے تحفظات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آج ان تمام بچوں کو سنٹرل پولیس آفس (CPO) پشاور میں مدعو کیا۔ ملاقات کا مقصد ان کے مسائل کو براہ راست سننا اور فوری و مؤثر حل کے لیے عملی اقدامات اُٹھانا تھا۔

ملاقات میں پولیس شہداءکے نمائندہ بچوں نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، ڈی آئی جی ویلفیئر اور ڈی آئی جی فنانس اس موقع پر آئی جی کیساتھ موجود تھے۔ آئی جی پی نے شہداءکے بچوں کے تمام مسائل کو نہایت توجہ، ہمدردی اور ترجیحی بنیادوں پر سنا اور ان کے حل کی مکمل یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

آئی جی پی نے واضح کیا کہ پولیس شہداءخیبر پختونخوا پولیس کی شان ہیں جن کی عظیم قربانیوں سے صوبے میں امن قائم ہوا اور یقین دلایا کہ پولیس شہداءکے ورثاءکو درپیش مسائل کے فوری حل کو ہر قیمت پر یقینی بنایاجائیگا۔

آئی جی پی نے ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز اور ڈی آئی جی ویلفیئر کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر شہداءکے خاندانوں کے مسائل کا جائزہ لے کر ہر کیس کی نوعیت کے مطابق سفارشات مرتب کریں اور ان پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ڈی آئی جیز کو مزید ہدایت کی گئی کہ وہ زیر التواءکیسز کی جانچ پڑتال ،حل اور شہداءکے بچوں کی تعلیم، بھرتی، مالی امداد اور صحت سے متعلق مسائل ،پولیس شہداءکوٹہ پر عملدرآمد، مستقل بنیادوں پر فالو اپ میکنزم، ہر ماہ کی بنیاد پر شہداءکے خاندانوں سے مشاورتی عمل کو یقینی بنائیں۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس نے شہداءکے بچوں کو یقین دلایا کہ وہ بذات خود اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہمارے شہداءکے بچے انصاف، عزت اور سہولیات کے ساتھ زندگی گزاریں۔ پولیس نے شہداکے بچوں کے مسائل توجہ سے سننے اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات اُٹھانے پر آئی جی پی کا شکریہ ادا کیا اور پولیس کے ساتھ اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔دریں اثناءآئی جی پی نے صوبہ بھر کے ریجنل و ضلعی پولیس افسران کو ایک خصوصی سرکلر جاری کیا جس میں انہیں ریجنز کی سطح پر دستیاب آسامیوں پر ویٹنگ لسٹ میں شامل پولیس شہداءکے بچوں کو تمام قانونی ضابطے پورے ہونے پر بطور پی اے ایس آئیز (BPS-11) بھرتی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مجاز حکام کو مزید ہدایت کی گئی کہ وہ متعلقہ ریجنز میں پی اے ایس آئی کی آسامیوں کی عدم دستیابی کی صورت میں ویٹنگ لسٹ میں شامل پولیس شہداءکے بچوں کو ان کی مرضی سے بطور پولیس کانسٹیبل (BPS-7) میں بھرتی کرائیں۔ اس مقصد کے لیے ہر ضلع کی سطح پر ڈی پی او کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے اور پولیس شہداءکے تمام بچوں کو 29 جولائی بروز منگل بلانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

کمیٹی بھرتی کی تمام شرائط اور دستاویزات چیک کرنے کے بعد پی اے ایس آئی بھرتی کی ویٹنگ لسٹ میں شامل شہداءکے بچوں کو بطور پولیس کانسٹیبل(BPS-7) بھرتی کرے گا۔کمیٹی کو پولیس شہداءکے وہ بچے جو پی اے ایس آئی، کانسٹیبل اور جونیئر کلرک کی بھرتی کی شرائط پر پورا نہیں اترتے، ان کو متعلقہ ضلعوں کی سطح پر دستیاب آسامیوں پر بطور کلاس فورس بھرتی کرنے کی فہرست بنا کر سفارشات کیساتھ سینٹرل پولیس آفس بھیجوانے کی ہدایت کی ہے۔