محکمہ زراعت توسیع مظفرآباد کے زیر انتظام جنگلی کہو پر اعلی اقسام زیتون کی پیوندکاری کے عنوان پر ایک روزہ تربیتی پروگرام

جمعرات 24 جولائی 2025 23:25

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) محکمہ زراعت توسیع مظفرآباد کے زیر انتظام جنگلی کہو پر اعلی اقسام زیتون کی پیوندکاری کے عنوان پر ایک روزہ تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا ۔اس موقع پر فروٹ اینڈ ویجیٹیبل اسپیشلسٹ ڈاکٹر طارق سعید اور اسسٹنٹ ہارٹیکلچر آفیسر سید غلام مرتضٰی گیلانی نے فیلڈ سٹاف و زمینداران کو زبانی و عملی زیتون پیوندکاری کی تربیت دی۔

تربیتی پروگرام میں ناظم اعلیٰ زراعت ڈاکٹر اعجاز خان نے بطور خاص شرکت کی اور فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ زیتون کی پیوندکاری مہم دلچسپی اور لگن سے شروع کریں اور زمینداران کو بھی اس مہم کا حصہ بنائیں ،موضع کی سطح پر انجمن دہقان کا قیام عمل میں لایا جائے جس میں صرف زمینداران کی نمائندگی ہو تاکہ زراعت بطور کاروبار کو فروغ مل سکے ۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر میں لاکھوں کی تعداد میں جنگلی زیتون موجود ہے جن میں سے اس سیزن 3 لاکھ پودوں کی پیوندکاری کے اہداف مقرر کیے ہیں اور آج اس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

نائب ناظم زراعت ضلع مظفرآباد راجہ ظہیر اقبال نے ناظم اعلی زراعت کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور زمینداران سے کہا کہ وہ محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے مل کر اپنی زمینوں پر موجود جنگلی کہو پودا جات پر زیتون اعلی اقسام کی پیوندکاری کے پروگرام کو کامیاب بنائیں تاکہ اس علاقے اور ملک میں زرعی خوشحالی کا حصول ممکن ہو۔