بی این پی (عوامی) پرنٹ میڈیا کی بقاء ،تحفظ کیلئے کردار ادا کریگی،ڈاکٹر ناشناس لہڑی

جمعرات 24 جولائی 2025 21:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء) ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا علامتی احتجاجی کیمپ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے جاری رہا۔علامتی احتجاجی کیمپ میں اخبارات جرائد اور اخبار مارکیٹ کے نمائندگان موجود رہے۔بی این پی (عوامی ) کے وفد نے مرکزی رہنما ڈاکٹر ناشناس لہڑی کی قیادت میں بلوچستان کے پرنٹ میڈیا کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے شرکت کی۔

بی این پی (عوامی ) کے وفد کو ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے چیئرمین حاجی عبدالغفار لانگو نے حکومت کی جانب سے اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے کوششوں اور اخباری صنعت کے مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ناشناس لہڑی کا کہنا تھا کہ بی این پی (عوامی ) روز اول سے آزاد میڈیا کی حامی رہی ہے ہماری پارٹی کے منشور میں بھی آزادی اظہار رائے کی آزادی شامل ہے پیکا رولز کی صورت میں آزاد صحافت پر قدغن لگائی جارہی ہے ،اس سلسلے میں بی این پی (عوامی) ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بی این پی (عوامی ) کے صدر اسد بلوچ نے اسمبلی کے فلور پر بھی میڈیا کی آزادی اور مقامی صحافت کے تحفظ کیلئے آواز بلند کی کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ جمہوریت کی بقاء اور تحفظ اور آئینی اداروں کی مضبوطی کیلئے اشاعتی ادارے ناگزیر ہیں ۔کیونکہ سسٹم میں موجود خامیوں کو یہی صحافتی ادارے منظر عام پر لاتے ہیں تاکہ اصلاح ہوسکے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی این پی (عوامی) ہر فورم پر بلوچستان کے پرنٹ میڈیا کی بقاء اور تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی ۔بی این پی (عوامی ) کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا صوبائی حکومت کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا یہاں کے پرنٹ میڈیا کی بقاء اور ترقی کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر ہی عائد ہوتی ہے اس لئے ذمہ داران کو چاہئے کہ اپنے صوبے کے پریس کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کریں ۔