سیکرٹری وچیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب کی زیر صدارت الہجویر ایپ کے سلسلہ میں اجلاس

جمعرات 24 جولائی 2025 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) سیکرٹری وچیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضابخاری کی زیر صدارت ایوان ِ اوقاف میں الہجویر ایپ کے سلسلہ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ٹیم نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ترجمان کے مطابق سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش کے 982 ویں سالانہ عرس کے موقع پر الہجویر ایپ کا افتتاح ہوگا، ایپ میں اردو، عربی، فارسی اورانگریزی سمیت کثیر الجہتی لسانیات کی سہو لت میسر ہو گی،الہجویر ایپ کو ڈیسکٹاپ، ٹیبلٹ اور سمارٹ فون کے تمام صارفین استعمال کرسکیں گے، ایپ میں قارئین بک مارکنگ اور مٹیریل کو صارفین کے ساتھ شیئر بھی کر سکیں گے،الہجویرایپ کے ذریعہ داتاصاحب کی تعلیمات عام قاری کی دسترس میں ہوں گی،اس میں روحانیت اور تصوف کی آڈیولائبریری، ویڈیو لیکچر اور متعلقہ ڈاکو منٹر یز بھی دستیاب ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ صارفین آف لائن ڈیٹا(Offline Data) تک ہمہ وقت رسائی حاصل کر سکیں گے اورہر قسم کی نئی انفارمیشن (New Content) کا نوٹیفکیشن ہر ممبر کوہمہ وقت موصول ہوتا رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اپلیکیشن میں حضرت داتا گنج بخش کے احوال و آثار اورکشف المحجوب کے مضامین و معارف کے حوالے سے جملہ علمی و تحقیقی کام دستیاب ہوگا، یہ تصوف و طریقت اور بالخصوص ہجویریات پر ریسرچ کے حوالے سے ایک نئے عہد کا آغاز ہے، اس ضمن میں مختلف سطح پر ہونے والے انسائیکلو پیڈیائی کام کو بھی اس ایپ میں جمع کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ کشف المحجوب کے دستیاب قلمی نسخوں کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے گا،کشف المحجوب کی آڈیو ریکارڈنگ بھی اس میں موجود ہوگی اور یہ سب کچھ آپ کے موبائل پر ایک کلک(Click)پر دستیاب ہوگا۔ انہوں کہا کہ اس وقت دنیا کی تمام نمائندہ زبانوں میں کشف المحجوب کے تراجم اور اس پر پی ایچ ڈی کی سطح کا کام ہوچکا ہے، اس کو یکجا ہونے کی ضرورت ہے تاکہ ماہرین کو یہ تمام علمی ذخیزہ ایک مقام پر میسر آسکے۔اجلاس میں خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر مذہبی امور حافظ محمد جاوید شوکت اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی طرف سے اویس ارشد و دیگر آفیسران نے شرکت کی۔