وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ سے ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے وفد کی ملاقات

جمعہ 25 جولائی 2025 17:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ سے ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے حکام پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔وفد نے مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی میں دو طرفہ اشتراک پر بریفنگ دی، خصوصی طور پر ایریزونا یونیورسٹی کے تعاون سے پاکستان میں اے آئی ریسرچ سینٹرز کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی لاہور اور ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کے درمیان تعاون کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی سے متعلق تعلیم و تحقیق کے فروغ کے لیے ایسے اشتراک اہم سنگ میل ہیں۔شزا فاطمہ نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستانی طلبہ کو عالمی معیار کی AI ریسرچ اور ڈیجیٹل مہارتوں تک رسائی حاصل ہو رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت آئی ٹی پاکستان میں اے آئی ہبز، نیشنل اے آئی پالیسی اور انٹرنیشنل پارٹنرشپس کے ذریعے ایک مضبوط اے آئی ایکو سسٹم قائم کر رہی ہے۔پاکستان وزیرِاعظم شہباز شریف کے “ڈیجیٹل نیشن پاکستان” کے وژن کے تحت درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، جہاں بین الاقوامی تعاون کو قومی ترقی کا محور بنایا جا رہا ہے۔