وفاقی وزیرڈاکٹر مصدق ملک کی آذربائیجان میں منعقدہ سربراہان وفود سطح کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی ، موسمیاتی انصاف، مساوات اور عالمی شمال و جنوب کے مابین مضبوط تر تعاون کی فوری ضرورت پر زور

جمعہ 25 جولائی 2025 23:25

وفاقی وزیرڈاکٹر مصدق ملک کی  آذربائیجان میں منعقدہ سربراہان وفود سطح ..
شاماخی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے آذربائیجان کے شہر شاماخی میں منعقدہ سربراہان وفود سطح کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ یہ اجلاس اہم ماحولیاتی امور پر عالمی قیادت کو یکجا کرنے کے لیے منعقد کیا گیا۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق اجلاس سے اپنے خطاب میں ڈاکٹر مصدق ملک نے موسمیاتی انصاف، مساوات اور عالمی شمال و جنوب کے مابین مضبوط تر تعاون کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان کی ماحولیاتی کمزوری کو اجاگر کرتے ہوئے ترقی پذیر ممالک کے لیے موسمیاتی مالیاتی معاونت، موافقت میں مدد اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کو ناگزیر قرار دیا۔انہوں نے ترقی یافتہ ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ پیرس معاہدے کے تحت کیے گئے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں اور موسمیاتی مالیات کو شفاف، جامع اور ہر ملک کے لیے بآسانی قابل رسائی بنایا جائے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک پائیدار اور ماحولیاتی لحاظ سے مضبوط مستقبل کے قیام کے لیے پرعزم ہے اور عالمی ماحولیاتی پالیسی کی تشکیل میں فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔