لاہور میں ڈلیوری بوائے کے ساتھ 1 لاکھ 21 ہزار روپے کی ڈکیتی کا ڈراپ سین

خود ہی واردات کا ماسٹر مائنڈ نکلا، نجی کوریئر کمپنی کی رقم ہتھیانے کے لیے ڈکیتی کا جھوٹا ڈراما رچایا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 26 جولائی 2025 12:39

لاہور میں ڈلیوری بوائے کے ساتھ 1 لاکھ 21 ہزار روپے کی ڈکیتی کا ڈراپ سین
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جولائی 2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ڈلیوری بوائے کے ساتھ ہونے والی ایک لاکھ 21 ہزار روپے کی ڈکیتی کا ڈراپ سین ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران ڈلیوری بوائے خود ہی واردات کا ماسٹر مائنڈ ثابت ہوا، دیگر ملزمان کے ساتھ مل کر نجی کوریئر کمپنی کی رقم ہتھیانے کے لیے ڈکیتی کا جھوٹا ڈراما رچایا، ڈلیوری بوائے کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ممکن بنائی گئی، ملزمان سے ایک لاکھ 21 ہزار نقدی،2 پستول اور موبائل فون برآمد ہوئے، بتایا گیا ہے کہ 21 جولائی کو ڈلیوری بوائے نجی کوریئر کمپنی کا کیش لے کر جا رہا تھا کہ اس دوران ملزمان نے پلاننگ کے تحت ڈکیتی کا ڈراما کیا، تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو جھوٹی ڈکیتی کی واردات کرنے کے بعد فرار ہوتے دیکھا گیا، جس کے بعد گرفتار کیے جانے والے ملزمان آپس میں رشتے دار ہیں جنہوں نے چند روز قبل ہی اس واردات کا پلان بنایا تھا، ملزمان میں ڈلیوری بوائے زین، محسن، احسن شامل ہیں جن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں حال ہی میں لاہور میں ڈیفنس بی کے علاقے میں چینی باشندے شی ڈیپو کے گھر سے 01 کروڑ 80 لاکھ روپے چوری کرنے والے ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، اے ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی نے اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایس ایچ او ڈیفنس بی علی حسن نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بڑی کارروائی کی تو پتا چلا کہ گھر کے ملازم ہی چوری کی اس واردات کے ماسٹر مائنڈ تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان پولیس کو زیادہ دیر چکمہ نہ دے سکے، ملزمان کا علم ہونے پر 36 گھنٹے کے اندر ہی چوروں کو لوٹی گئی رقم سمیت بہاولپور سے گرفتار کرلیا گیا، ملزمان میں مرکزی ملزم علی عزیز، شبیر اور امتیاز شامل ہیں، ملزمان کی گرفتاری سی سی ٹی وی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے عمل میں لائی گئی اور دوران انٹیرو گیشن اعتراف جرم بھی کر لیا، ملزمان سے 01 کروڑ 20 لاکھ روپے نقدی برآمد کرلیے۔