پنجاب حکومت گندم کی قیمت مقرر کرے، لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ

جمعہ 25 جولائی 2025 23:35

پنجاب حکومت گندم کی قیمت مقرر کرے، لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے گندم کی قیمت مقرر نہ کرنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ گندم کی قیمت کے تعین کے حوالے سے موجودہ قانون پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ یہ فیصلہ جسٹس خالد اسحاق نے صدر کسان بورڈ ظفر حسین کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر سنایا۔

درخواست میں وفاقی حکومت، پنجاب حکومت اور متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت کا تعین نہیں کیا، جس کی وجہ سے کسان طبقہ شدید مالی نقصان کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فصل تیار ہونے کے باوجود قیمت مقرر نہ ہونے سے کسان منڈی میں استحصال کا شکار ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست 8 اپریل 2025 کو دائر کی گئی تھی جبکہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے تمام فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو اب سنایا گیا ہے۔

فیصلے میں عدالت نے واضح کیا کہ کسان ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اور ان کے مفادات کا تحفظ حکومت کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے۔ عدالت نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی کہ گندم کی امدادی قیمت کا فوری تعین کیا جائے تاکہ کسانوں کو ان کی محنت کا جائز معاوضہ مل سکے اور زرعی معیشت کو درپیش خطرات سے بچایا جا سکے۔ فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ مستقبل میں اس طرح کے اہم امور میں تاخیر نہ کی جائے اور کسانوں کے مفادات کو اولیت دی جائے۔