ساتویں بین الاقوامی ڈیجیٹل پرنٹنگ وسائن ایج نمائش کاآغاز

جمعہ 25 جولائی 2025 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) ساتویں بین الاقوامی ڈیجیٹل پرنٹنگ اور سائن ایج نمائش ڈی پی ایس ورلڈ پاکستان 2025 کا لاہور ایکسپو سنٹر میں افتتاح ہو گیا ، فیکٹ ایگزیبیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے زیر اہتمام تین روزہ یہ نمائش 27 جولائی تک جاری رہے گی۔افتتاحی تقریب میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کے صدر، میاں ابوزر شاد نے خصوصی شرکت کی جبکہ ان کے ہمراہ فیکٹ ایگزیبیشنز کے سی ای اوسلیم خان تنولی اور ڈیجیٹل پرنٹنگ و سائن ایج انڈسٹری سے وابستہ دیگر نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں۔

نمائش میں 100 سے زائد قومی و بین الاقوامی کمپنیاں اپنی جدید ترین ٹیکنالوجیز کی نمائش کر رہی ہیں، جن میں ایڈوانس ڈیجیٹل پرنٹرز، بڑے سائز کی ڈسپلے اسکرینز، لیزر کٹنگ مشینز، خصوصی سیاہیاں اور جدید سائن ایج سسٹمز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

افتتا حی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں ابوزر شاد صدر ایل سی سی آئی نے کہا،"ڈی پی ایس ورلڈ پاکستان کا افتتاح کرنا میرے لیے باعثِ فخر ہے، یہاں پر پیش کی جانے والی ڈیجیٹل پرنٹنگ اور سائن ایج کی جدید ٹیکنالوجیز ہماری صنعتوں کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتے ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ یہ جدت طرازی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گی ۔

فیکٹ ایگزیبیشنز کے سی ای او سلیم خان تنولی نے کہایہ نمائش صنعت کے ماہرین کو آپس میں تعاون کرنے اور آگے بڑھنے کا پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈی پی ایس ورلڈ پاکستان میں ہمارا مقصد عالمی سطح پر تعاون کو فروغ اور جدید ٹیکنالوجیز متعارف کروا کر اپنی صنعتوں کی کو ترقی دینا ہے،نمائش کے دوران وزیٹرز کو لائیو ڈیموسٹریشنز، خصوصی پروڈکٹ لانچز اور صنعت کے ماہرین کے ساتھ نیٹ ورکنگ کے مواقع میسر آئیں گے جو جدید اور قابلِ عمل سلوشنز تک رسائی کےساتھ قیمتی معلومات بھی فراہم کریں گے۔