آئی بی اے ٹیسٹ پاس 275 امیدواروں میں آفر لیٹرز تقسیم

جمعہ 25 جولائی 2025 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2025ء) وزیر اعلی سندھ کے معائون خصوصی برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و دیہی ترقی محمد سلیم بلوچ نے آئی بی اے پاس 275سب انجینئرز کو آفر لیٹرز تقسیم کردیے۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق آفر لیٹرز تقسیم کی تقریب معائون خصوصی کے دفتر میں منعقد ہوئی،جہاں انہوں نے سب انجینئرز کی پوسٹس کے لیے آفر لیٹر وصول کرنے والے تمام افراد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ انہیںبہت خوشی ہے کہ آج 275 نئے آئی بی اے ٹیسٹ پاس امیدواران کو آفر لیٹرز تقسیم کررہے ہیں۔

معائون خصوصی محمد سلیم بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وعدے "روزگار سب کیلئے "کی تکمیل کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلی سندھ اور فریال تالپور کی ہدایت پر تمام بھرتیاں میرٹ پر کیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت کے لیے ہم نے آئی بی اے سکھر کی خدمات حاصل کی تھیں، ہماری خالی اسامیوں پر چھ ہزار افراد نے اپلائی کیا جن میں سے 1792افراد نے امتحان پاس کیا تھا،جس کے بعد تمام پاس امیدواران کے انٹرویوز کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ انٹرویو کمیٹی میں این ای ڈی یونیورسٹی، مہران یونیورسٹی کے اساتذہ، ایس این جی اے ڈی اور محکمہ کے افسران شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں فیلڈ کا کام ہوتا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ مرد نوجوانوں کے ساتھ لڑکیوں نے بھی اس فیلڈ میں قدم رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین نے زندگی کے ہر شعبے میں کو خود کو منوایا ہے، خواتین سب انجینئرز کی محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں شمولیت ایک اچھا اضافہ ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے بھرتی ہونے والے سب انجینئرز اپنی بھرپور خدمات سے محکمے کا نام روشن کریں گے۔