جرمنی میں پاکستانی سفیر ثقلین سیدہ کا یونیورسٹیز سپورٹس وفد کے اعزاز میں ظہرانہ

ہفتہ 26 جولائی 2025 01:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) جرمنی میں پاکستانی سفیر ثقلین سیدہ نے یونیورسٹیز سپورٹس وفد کے اعزاز میں ایک ظہرانے کی میزبانی کی۔ترجمان کے مطابق کھلاڑیوں کا وفد ورلڈ فیسو یونیورسٹی کھیلوں کے سلسلے میں جرمنی میں ہے۔ ایچ ای سی کے ڈائریکٹر اسپورٹس جاوید میمن کی سربراہی میں وفد میں قومی یونیورسٹیوں کے بہترین ایتھلیٹس اور گیم منیجر / کوچ شامل ہیں۔

سفیر ثقلین سیدہ نے ڈسلڈورف میں ایک پاکستانی چاول اور مسالہ ریستوراں میں وفد کا باضابطہ خیرمقدم کیا جس میں ''پاکستان کے پسندیدہ گانے دل دل پاکستان کے پس منظر موسیقی میں کھلاڑی کافی دنوں بعد پاکستانی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے۔ اس موقع پراولمپین ارشد ندیم کا تذکرہ کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کے ذریعہ اپنی سافٹ امیج کو فروغ دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بریکسٹ کے بعد جرمنی یوروپی یونین کا بطور واحد رہنما ابھرا ہے ، پاکستان کو دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جرمنی کو ٹیکسٹائل، فٹ بال، کٹلری، میڈیکل سرجیکل سازوسامان وغیرہ فراہم کررہا ہے ،اس فہرست کو بہتر بنانے کے لئے سخت کوشش کر رہی ہوں ۔ انھوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے جرمن زبان سیکھنے اور معاہدوں کو فروغ دینے پر زور دیا۔

اس موقع پر وفد کے سربراہ جاوید علی میمن نے ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد کی جانب سے پیغام پہنچایا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ترجمان کے مطابق پاکستانی جامعات کا40 رکنی دستہ اس وقت جرمنی میں ہے جس میں ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، جوڈو، تیراکی، ایتھلیٹکس، لمبی جمپ اور تیر اندازی سمیت سات کھیلوں میں حصہ لینے کے لئے کھلاڑی شامل ہیں۔