گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور چینی وزیر سن ہائیان کی اہم ملاقات، پاک۔چین تعلقات اور اقتصادی تعاون پر اتفاق

جمعرات 11 ستمبر 2025 17:58

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور چینی وزیر سن ہائیان کی اہم ملاقات، ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بیجنگ میں چین کے انٹرنیشنل ڈپارٹمنٹ کی وزیر سن ہائیان سے اہم ملاقات کی، جس میں پاک۔چین دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور طے شدہ معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ملاقات کے دوران سن ہائیان نے گورنر ٹیسوری کی عوامی مقبولیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ "آپ پاکستان میں عوامی گورنر کے طور پر مشہور ہیں، جو عوام کے اعتماد کی علامت ہے۔

" گورنر سندھ نے انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جو انہوں نے خوشی سے قبول کر لی۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے چین کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کر رہا ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں کو تیز کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاکستانی عوام معاشی استحکام اور ترقی کے لیے یکجا ہیں۔

گورنر سندھ نے چینی وزیر کو کراچی کی بزنس روڈ پر مقامی کھانوں، کٹا کٹ اور کڑک چائے سے تواضع کی دعوت دیتے ہوئے پاکستان کی ثقافت اور مہمان نوازی کا حوالہ دیا۔اس موقع پر گورنر سندھ نے بھارت اسپانسرڈ عناصر کو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستانی عوام اور مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف متحد اور پٴْرعزم ہیں۔یہ ملاقات نہ صرف پاک۔چین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا ذریعہ بنی بلکہ اقتصادی اور سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کے نئے امکانات بھی سامنے آئے۔