Live Updates

وزیراعلی مریم نوازروزانہ ریلیف آپریشن کی براہِ راست نگرانی کر رہی ہیں‘ عظمی بخاری

جمعرات 11 ستمبر 2025 18:06

وزیراعلی مریم نوازروزانہ ریلیف آپریشن کی براہِ راست نگرانی کر رہی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ آج قوم بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی برسی پر ان کی جدوجہد، قربانیوں اور قیادت کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم اور ان کے رفقا کی لازوال کاوشوں کی بدولت پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک آزاد ریاست کے طور پر ابھرا، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

عظمی بخاری نے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز مرحومہ کی ساتویں برسی پر بھی ان کی جمہوریت کے لیے خدمات کو سراہا اور کہا کہ مشکل وقت میں بیگم کلثوم نواز نے مسلم لیگ (ن) کی توانا آواز بن کر ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں حالیہ سیلاب ایک بڑی آزمائش ہے، لیکن وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت ہر ممکن ریلیف فراہم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اب تک 22 لاکھ افراد اور 17 لاکھ مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ ہیلی کاپٹرز اور فضائی جہازوں کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے۔ چار ہزار پانچ سو سے زائد دیہات متاثر ہوئے اور تقریبا 42 لاکھ آبادی متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ریسکیو اینڈ ریلیف کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے ہیں۔

صرف تین دنوں میں 16 ہزار سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا۔490 میڈیکل اور 1412 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔متاثرین کو ادویات، صاف پانی اور خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔حاملہ خواتین، بچے اور بزرگ خصوصی توجہ کا مرکز ہیں۔عظمی بخاری نے مزید کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز روزانہ خود فیلڈ وزٹ کر رہی ہیں اور انتظامیہ سے براہِ راست صورتحال دریافت کرتی ہیں۔

سینئر وزرا ء اور کابینہ کے ارکان بھی متاثرہ اضلاع میں موجود ہیں تاکہ ریلیف آپریشن موثر انداز میں جاری رہے۔انہوں نے واضح کیا کہ متاثرین کی مدد کے لیے پرائیویٹ کشتیوں کو بھی سرکاری نگرانی میں استعمال کیا جا رہا ہے اور تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ کسی قسم کی لوٹ مار یا بے ضابطگی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ گندم اور آٹے کی صورتحال پر بھی حکومت کی کڑی نظر ہے۔

جن افسران کی کوتاہی ثابت ہوئی انہیں عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ 20 کلو آٹے کا تھیلا ایکس مل 1760 روپے اورریٹیل 1860 روپے مقرر کیا گیا ہے اور مصنوعی بحران یا ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب متاثرین کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی، بحالی کے لیے اعلی سطحی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے اور بہت جلد وزیر اعلی پنجاب ایک بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کریں گی۔عظمی بخاری نے کہا کہ مخالفین اور یو ٹیومرز صرف عوام میں مایوسی پھیلا رہے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ پنجاب حکومت دن رات سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے سرگرم ہے۔ "ہر شخص کی جان بچانا وزیر اعلی پنجاب کا مشن ہے اور اس مشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات