ایف آئی اے تفتان سرکل کی کارروائی، غیرقانونی بارڈر کراسنگ میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

ْگرفتار افغان باشندے کی نشاندہی پر انسانی اسمگلر گل احمد اور عبدالرحیم کو گرفتار کیا گیا

ہفتہ 26 جولائی 2025 16:40

ایف آئی اے تفتان سرکل کی کارروائی، غیرقانونی بارڈر کراسنگ میں ملوث ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای) کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل تفتان نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی بارڈر کراسنگ میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں عمید، گل احمد، عبدالرحیم اور برہان خان شامل ہیں، گرفتار ملزم عمید نے غیر قانونی طور پر ایران جانے کی کوشش کی، ملزم عمید کا تعلق افغانستان سے ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو غیر قانونی طور پر تفتان بارڈر پار کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، ملزم کی نشاندہی پر انسانی اسمگلر گل احمد اور عبدالرحیم کو گرفتار کیا گیا۔ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم برہان خان کے پاسپورٹ پر امیگریشن کی جعلی اسٹیمپ لگی ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

ملزم برہان خان اس سے قبل ترکیہ سے ڈی پورٹ بھی ہوچکا ہے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا اغاز کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ جولائی میں ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل تفتان کی کارروائیوں میں اب تک مجموعی طور پر 57 ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے، جن میں غیر ملکیوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔دوسری جانب ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے پاسپورٹ ایجنٹ مافیا اور بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گجرات نے پاسپورٹ آفس منڈی بہاالدین میں چھاپہ مار کارروائی کی، گرفتار ملزمان میں پاسپورٹ آفس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

گرفتار ملزمان میں محمد شریف، کلیم اللہ، راجا زبیر، راجا عامر، علی احمد، ندیم عباس اور حماد علی شامل ہیں۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان شہریوں سے جلد پاسپورٹ دلوانے کا جھانسہ دے کر بھاری رقم بٹورنے میں ملوث پائے گئے، چھاپہ مار کارروائی میں ملزمان کے قبضے سے بینک چالان، ٹوکن کی فوٹو کاپیاں، برتھ سرٹیفکیٹ برآمد کیے گئے۔ملزمان سے (ب) فارم، نادرا فیملی ٹری سرٹیفکیٹس، موبائل فونز اور 2 لاکھ روپے سے زائد برآمد کیے گئے، ملزمان کو گرفتار کر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق نیٹ ورک میں شامل دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔