معین الرحمن خان نے بطور ڈی جی جی ڈی اے چارج سنبھال لیا

سرمایہ کاری، روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے، معین الرحمٰن خان

ہفتہ 26 جولائی 2025 17:00

گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء)معین الرحمن خان نے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی ای) کے ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے باقاعدہ طور پرعہدے کا چارج سنبھال لیا۔ چارج سنبھالنے کے فوری بعد انہوں نے محکماتی سربراہان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں انہیں جاری، مکمل شدہ اور آئندہ متوقع ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

گوادر پرو کے مطابقاجلاس کے دوران چیف انجینئر حاجی سید محمد نے انہیں گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے تحت مختلف منصوبوں سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک جی ڈی اے 128 ترقیاتی منصوبے مکمل کر چکا ہے، جبکہ 20 منصوبوں پر کام جاری ہے۔ اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے تحت جاری سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق اجلاس میں مستقبل کے اہم منصوبوں کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں جن میں میرین ڈرائیو کو کوہِ بتیل تک توسیع دینا، مغربی پڈی زر ساحل پر ماہی گیروں اور کشتی سازی کی صنعت کے لیے سہولیات کی فراہمی، نادرن بائی پاس کی تعمیر، اسمارٹ ماحولیاتی منصوبہ، جی ڈی اے پاک-چین دوستی اسپتال کی توسیع، نرسنگ اسکول اور میڈیکل کالج کا قیام شامل ہیں۔

اس کے علاوہ شاہی بازار اور جنت بازار کی تزئین و آرائش اور پرانے شہر میں ماڈل محلے بنانے کے منصوبے بھی زیر غور ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق اجلاس کے دوران شہر کو درپیش پانی کی قلت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ گوادر کو شادی کور ڈیم اور ساواد ڈیم سے منسلک کر کے روزانہ 35 لاکھ گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ تاہم، انکرا ڈیم خشک ہونے کے باعث بعض علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔

جی ڈی اے پانی کے بحران پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق ڈی جی معین الرحمٰن خان نے متعلقہ اداروں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ترقیاتی فنڈز کے شفاف اور مؤثر استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گوادر کو بین الاقوامی معیار کا شہر بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا کہ مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے سرمایہ کاری، روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے، اور جی ڈی اے افسران پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ دیانت داری کو برقرار رکھیں اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور پائیدار تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ "سرکاری وسائل کے غلط استعمال پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ گوادر پرو کے مطابق ڈی جی نے خبردار کیا کہ سرکاری وسائل کے ضیاع یا غلط استعمال پر کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے، شفافیت کو فروغ دینے اور گوادر کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے مجوزہ اصلاحات کا بھی جائزہ لیا۔