عوامی ریلیف اور عوام دوست ویژن کے تحت ڈپٹی کمشنر کی کھلی کچہری کا انعقاد

ہفتہ 26 جولائی 2025 17:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے عوامی ریلیف اور عوام دوست انتظامیہ کے ویژن کے تحت''اوپن ڈور پالیسی''میں براہ راست شہریوں کی شکایات اور مسائل سنے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے شہریوں کی جانب سے پیش کی گئی درخواستوں اور مسائل کا بغور جائزہ لیا اور موقع پر موجود متعلقہ محکموں کے افسران کو فوری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔

کھلی کچہری میں روزمرہ شہری مسائل، صفائی، تجاوزات، ریونیو،صحت اور دیگر عوامی خدمات سے متعلق عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ عوامی خدمت ہی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور ''اوپن ڈور پالیسی'' کے تحت ہر شہری کو براہ راست ضلعی سربراہ سے رابطے کی سہولت حاصل ہے تاکہ ان کے مسائل فوری حل ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ کھلی کچہریاں ضلعی سطح پر گورننس کو مؤثر اور جوابدہ بنانے کا اہم ذریعہ ہیں جن کے ذریعے افسران عوام کے حقیقی مسائل سے آگاہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ انتظامیہ پر اعتماد رکھتے ہوئے اپنی شکایات پیش کریں ان کی دادرسی ہر ممکن حد تک یقینی بنائی جائے گی۔