اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام ایل ایل بی 5 سالہ اور ایل ایل ایم 2 سالہ میں پاس آؤٹ ہونے والے طلبا وطالبات کے لیے گریجویشن تقریب کا انعقاد

ہفتہ 26 جولائی 2025 18:19

بھاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) لاء اسٹوڈنٹس کلب اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام بغداد الجدید کیمپس میں ایل ایل بی 5 سالہ اور ایل ایل ایم 2 سالہ پاس آؤٹ ہونے والے طلبا وطالبات کے لیے گریجویشن تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلراسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اپنے خطاب میں انہوں نے عدلیہ اور قانونی پیشے کی اہمیت اور معاشرے پر اس کے مثبت اثرات پر زور دیتے ہوئے فیکلٹی اور عملے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے قانون کی تعلیم میں بہتری اور معیار کو بڑھانے کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے طلباء کے لیے قیمتی خیالات کا بھی اظہار کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر راؤ عمران حبیب ڈین فیکلٹی آف لاء نے قانونی تعلیم کے فروغ میں تعاون پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے فیکلٹی کے لیے ایک نئے تعمیر شدہ حصے، بہتر کلاس رومز اور لیبز سمیت بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔تقریب کے انعقاد میں میاں عارف سعید اور فرح عامر انچارج اسٹوڈنٹس افیئرز نے اہم کردار ادا کیا۔ میاں سعادت علی ندیم فنانس سیکرٹری ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بہاولپوربطور مہمان اعزاز شریک ہوئے۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلباء کو ان کی پیشہ ورانہ زندگی میں مبارکباد دی اور انہیں ان کے کیرئیر کے حوالے سے قیمتی مشورے دیئے۔ تقریب میں معزز مہمانوں، فیکلٹی ممبران اور طلباو طالبات نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :