Live Updates

ملک کو آئی ایم ایف اور قرضوں کی غلامی میں جکڑنے والے ملک وقوم کا استحصال کررہے ہیں

جاگیردار اور وڈیرے اپنے کاروبار بڑھاتے ہیں لیکن ایک پائی ٹیکس دینے کو تیار نہیں، حق دو بلوچستان کو تحریک کسی ایک قوم کیلئے نہیں بلکہ صوبہ کے حقوق کیلئے ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 26 جولائی 2025 19:19

ملک کو آئی ایم ایف اور قرضوں کی غلامی میں جکڑنے والے ملک وقوم کا استحصال ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جولائی 2025ء) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک پر ظلم کا نظام مسلط ہے، آئین تو موجود ہے، اس پر عمل نہیں ہوتا، عدالتوں سے عوام ہی نہیں،ججز بھی غیر مطمئن ہیں۔ پیسے والا انصاف خرید لیتا ہے،غریب کی نسلیں عدالتوں کے دھکے کھاتی ہیں۔ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جماعت اسلامی نچلی سطح تک عوام کو انصاف دلانے کیلئے کوشاں ہے۔

جاگیر دار کسان اور سرمایہ دار اور ٹھیکیدار مزدور کے خون پسینے کی کمائی کھا رہے ہیں۔شوگر ملز مافیا حکومت میں بیٹھ کر عوام کو لوٹ رہا ہے۔حکمران عوام کا استحصال کررہے ہیں۔ ظالم حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
 حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو مہنگائی، بےروزگاری اور لاقانونیت سے نجات دلانے کیلئے ملک کے ہر گوٹھ اورگاؤں اور شہر کے ہر محلہ اور یونین کونسل میں عوامی کمیٹیاں بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

یہ عوامی کمیٹیاں نہ صرف ظلم و ناانصافی کے خلاف عوام کو متحد اور منظم کریں گی بلکہ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک،نوجوانوں کونشہ سے بچانے اور منشیات کے مکروہ دھندے کے سدباب کیلئے موثر کردار ادا کریں گی۔تعلیمی نظام کی بہتری،سرکاری سکولوں کی خستہ حال عمارتوں اوراپ گریڈیشن کے لئے حکمت عملی،بلدیاتی مسائل کے حل اور مساجد کی بہتر دیکھ بھال کے لئے جماعت اسلامی کی عوامی کمیٹیاں مقامی آبادی کو ساتھ ملا کر معاشرے میں ایک مثبت تبدیلی کا سنگ بنیاد رکھیں گی۔

نوجوان تعلیم اور کھیلوں کے ساتھ ساتھ نیکی اور بھلائی کے کاموں میں بھی مقابلہ کریں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک کو قرضوں کے جال اور آئی ایم ایف کی غلامی میں جکڑنے والے ملک و قوم کا استحصال کررہے ہیں۔ لوگوں کا حق مار کر اپنے کاروبار بڑھانے والے جاگیر دار اور وڈیرے ملک کو ایک پائی ٹیکس دینے کیلئے تیار نہیں، حکومت غریب عوام کے پیسے پر چل رہی ہے جبکہ حکمران آئے روز اپنی مراعات اور تنخواہوں میں اضافہ کرکے چھوٹے کسانوں،تاجروں اور عام آدمی کی مشکلات اور پریشانیوں میں اضافہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صنعتیں لگانا اور کاروبار کرنا اور لوگوں کیلئے روز گار کے مواقع پیدا کرنا قابل تعریف ہے مگر لوگوں کی زمینوں اور جائیدادوں پر قبضہ کرکے اپنے کارو بار کو بڑھا نا ناقابل معافی جرم ہے جس کا سدباب ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی معاشرے کے پسے ہوئے طبقہ، کسانوں، چھوٹے زمینداروں اور مزدوروں کو ان کا حق دلانے کیلئے ہر جائز اور قانونی راستہ اختیار کرے گی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات