فیصل آباد سیشن کورٹ کے باہر ہوائی فائرنگ، دو مسلح افراد گرفتار

اتوار 27 جولائی 2025 11:00

مکوآنہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء) سیشن کورٹ فیصل آباد کے باہر ایک بار پھر ہوائی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ واقعہ تھانہ نشاط آباد میں درج مقدمہ نمبر 1030/25 بجرم 302 تعزیراتِ پاکستان کے سلسلے میں عدالت پیشی کے دوران پیش آیا، جہاں دونوں فریقین عدالت میں حاضر ہوئے تھے۔ذرائع کے مطابق، ملزم پارٹی کے وکیل عصمت سندھو ایڈووکیٹ اور مدعی پارٹی کے وکیل عمران بلال ایڈووکیٹ کے درمیان تلخ کلامی کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی۔

(جاری ہے)

اس دوران ملزم ناصر نے کچہری کے باہر سڑک پر ہوائی فائرنگ کر دی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔واقعے کے فوری بعد موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں اور سی پی او سیکیورٹی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے ملزم ناصر کو گرفتار کر لیا۔ اس کے علاوہ ایلیٹ فورس کی ٹیم نے دو مسلح افراد کو اسلحہ سمیت دبوچ لیا۔تھانہ سول لائن پولیس نے فوری طور پر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عدالتوں اور ان کے اطراف میں سیکیورٹی کو مزید مثر بنایا جائے گا تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔