فصل کا 25 فیصد منافع کسان کا حق ہے،کاشتکار خوشحال ہو گا تو ملک میں خوشحالی ہو گی، خالد محمود کھوکھر

اتوار 27 جولائی 2025 12:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی صدر خالد کھوکھر نے کہا ہے کہ کسان کو ہر فصل کا 25 فیصد منافع ملنا اس کا حق ہے،کاشتکار خوشحال ہو گا تو ملک میں خوشحالی ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ملتان پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خالد محمود کھوکھر کا کہنا تھا کہ کاشتکار کو اسکی محنت کا معاوضہ نہیں مل رہا ،گندم کے ریٹ سے کسان بہت مایوس ہے اگر یہی صورتحال رہی تو آئندہ برس گندم کی پیداوار میں کمی کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسانوں کی خوشحالی اور ان کے مسائل کے حل کےلئے کوئی حکمت عملی نہ بنائی گئی تو زراعت مزید زبوں حالی کا شکار ہو سکتی ہے۔خالد کھوکھر نے کہا کہ کاشتکار غربت کی وجہ سے اپنے بچوں کو مناسب تعلیم بھی نہیں دے پا رہے،اگر گندم کا ریٹ 3550 روپے مقرر کیا جاتا تو آج کسان بھی خوشحال ہوتا اور دیگر فصلوں کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوتا۔پریس کانفرنس میں کسان اتحاد کے مرکزی صدر نے مطالبہ کیا کہ کاشتکار کوسستی بجلی کے ساتھ ساتھ ساتھ انہیں دیگر مراعات بھی دی جائیں تاکہ پاکستان میں ہر طرف خوشحالی اور ہریالی ہو ۔ اس موقع پر کسان نمائندے ملک محسن رضا کھادل،چوہدری محمد اشفاق اور میاں محمد زاہد بھی ان کے ہمراہ تھے۔