اسرائیل کے غزہ پر وحشیانہ حملے، امداد کے منتظر 42 افراد سمیت مزید 71 فلسطینی شہید

غذائی قلت اور بھوک سے شیر خوار بچوں سمیت مزید42افرادجاں بحق،کل تعداد 127 ہوگئی

اتوار 27 جولائی 2025 14:05

․تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)اسرائیل کے مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ پر وحشیانہ حملے جاری ہیں اور بمباری میں مزید 71 فلسطینی شہید ہوگئے۔ عرب ٹی وی نے اسپتال ذرائع کے حوالے سے بتایاکہ اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے 71 افراد میں امداد کے منتظر 42 فلسطینی بھی شامل ہیں۔اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 59 ہزار 700 سے تجاوز کرگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 477 ہوگئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب غذائی قلت اور بھوک سے شیر خوار بچوں سمیت کئی اور فلسطینی دم توڑ گئے، بھوک کی شدت سے شہید ہونے والوں کی تعداد 127 ہوگئی جن میں 85 بچے بھی شامل ہیں۔ورلڈ فوڈ پروگرام کے مطابق غزہ کی ایک تہائی آبادی کئی روز سے خوراک سے محروم ہے۔ یو ایس ایڈ کے مطابق حماس کی جانب سے امریکی فنڈ کی فراہم کردہ امداد کی چوری کے شواہد نہیں ملے۔جرمنی، فرانس اور برطانیہ نے اسرائیل سے امداد پر سے پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ ادھر بین الاقوامی سماجی کارکنوں کی امدادی کشتی غزہ کے قریب پہنچ گئی اور اسرائیلی ڈرون نے کشتی کے اطراف پرواز شروع کر دی۔