ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی برآمدی تاجروں کو طریقہ کار، مارکیٹ ریسرچ، کوالٹی معیارات اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ٹریننگ پروگرام فراہم کرے، شاہد عمران

اتوار 27 جولائی 2025 14:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینئر شاہد عمران نے کہا ہے کہ پاکستانی تاجر بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے حوالے سے معلومات کی کمی کی وجہ سے وہاں دستیاب مواقع سے بھر پور استفادہ نہیں کر پاتے، اس خلا کو پر کرنے کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو برآمدی طریقہ کار، مارکیٹ ریسرچ، کوالٹی معیارات اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے بارے میں ٹارگٹڈ ٹریننگ پروگرام فراہم کرنے چاہئیں۔

اتوار کو سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی چوہدری زاہد اقبال آرائیں کی قیادت میں تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے دستاویزات، سرٹیفیکیشنز اور عالمی سطح پر خریداروں تک رسائی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں مگر ان کے ذرائع محدود ہیں۔

(جاری ہے)

ٹی ڈیپ کو مقامی کاروباروں کو غیر ملکی خریداروں سے مربوط کرنے کے لیے ورکشاپس، رہنمائی کے سیشنز اور تجارتی میلوں کا اہتمام کرنا چاہیے۔

ایمیزون اور علی بابا جیسے ای کامرس پلیٹ فارمز پر کام کرنے کے حوالے سے تربیت آن لائن برآمدی مواقع سے فائدہ اٹھانے میں کاروباری افراد کی بڑی مدد کر سکتی ہے۔ پاکستان کی معیشت کو برآمدات کے فروغ کی اشد ضرورت ہے اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اس ضمن میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اسے ایک سہولت کار کے طور پر کام کرنا چاہیے، تاکہ کاروباری افراد کو عالمی سطح پر مسابقت کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے۔

شاہد عمران نے کہا کہ جدت اور بروقت تعمیل کے کلچر کو فروغ دے کر پاکستان اپنی برآمدی صلاحیت کو بڑھا سکتا ہے اور بین الاقوامی منڈیوں میں ہماری پوزیشن مضبوط ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری تربیت میں سرمایہ کاری طویل مدتی معاشی فوائد کے حصول میں مددگار ہو گی۔