مظفرگڑھ میں صحافی پر تشدد کرنیوالے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج، ایک گرفتار

اتوار 27 جولائی 2025 14:30

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) مظفرگڑھ میں پولیس کو مخبری کےشبہ پر ملزمان نے صحافی کو اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنایا اور فرار ہو گئے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ایک ملزم گرفتار کر لیا ۔ایف آئی آر کے مطابق پولیس کے سرچ آپریشن میں مبینہ مخبری کے شبہ پر کریمنل ریکارڈ یافتہ اشتہاریوں نے حملہ کر کے چوک قریشی ضلع مظفرگڑھ کے معروف صحافی احمد خان کھوسہ کو اغوا کے تشدد کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے،پولیس نے متاثرہ صحافی کی مدعیت میں 9 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے،چوک قریشی ضلع مظفرگڑھ کے صحافی احمد خان کھوسہ کے پولیس کو دیئے گئے بیان کے مطابق وہ موٹرسائیکل پر گھر سے پریس کلب جا رہے تھے کہ کریمنل ریکارڈ یافتہ اشتہاری ملزمان اللہ وسایا ، فاروق ولد بشیر ، ناصر ولد بشیر، یعقوب عمر، سلیم ولد عمر ، عمر ولد الہی بخش ، فاروق ، ناصر ، حسین ولد بلال ،لال اقوام سہرانی سکنہ موضع بیت موسی مولانہ بستی جانو والا، مجید ولد غلام سرور- ظہور ، کامران ولد غلام عباس اقوام سہرانی سکنہ بجٹ موسیٰ ، اور ایک نامعلوم شخص مسلح بہ آتشیں اسلحہ نے اسے گن پوائنٹ پر روک لیا،ملزمان نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور زخمی کردیا ۔

(جاری ہے)

ملزمان نے اسلحہ کے بٹ مارے ،موبائیل فون اور نقدی چھین لی ۔ ملزمان اسلحہ کے زور پر اغوا کر کے عمر ملزم کے ڈیرے پر لے گئے اور وہاں بھی کمرے میں بند کر کے تشدد کیا ۔ شور وغل پر عبدالرحمن، غلام یسین کے علاقہ کے دیگر اشخاص موقع پر آگئے ۔ جنہوں نے ملزمان کی منت سماجت کر کے ان کی جان بخشی کرائی ۔ وجہ عناد یہ ہے کہ ملزمان کو شک ہے کہ تین دن قبل پولیس تھانہ قریشی نے ملزمان کی بستی میں سرچ آپریشن کیا تھا اور اسلحہ برآمد کیا تھا ۔

اس کی مخبری صحافی احمد کھوسہ نے کی ہے ۔ون فائیو کال پر ایس ایچ او تھانہ قریشی ظریف خان نے زخمی صحافی کی درخواست پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ زیر دفعات ،149 /355/342/379/148/ 506 بی ۔ت پ درج کر لیا ہے ۔ ایس ایچ او ظریف خان نے ملزمان کی گرفتاری کےلئے چھاپے شروع کر دیئے ہیں اور ایک ملزم ظہور کو گرفتار کر لیا ہے،دیگر ملزمان گرفتاری کے خوف سے روپوش ہوگئے ہیں، ڈسٹرکٹ پریس کلب مظفرگڑھ سمیت ضلع بھر کے صحافیوں نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ڈی پی او مظفرگڑھ ڈاکٹر رضوان خان سے ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔