حماس نے ٹرمپ کے غزہ مذاکرات ناکامی سے متعلق بیان کو مسترد کر دیا

کچھ اہم امور پر پیش رفت کے موقع پر ٹرمپ کے بیانات حیران کن ہیں ،ترجمان

اتوار 27 جولائی 2025 14:30

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)حماس کے رہنمائوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر شدید حیرت کا اظہار کیا ہے جس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ حماس دراصل جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کی خواہش مند نہیں۔خلیجی میڈیا کے مطابق یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب قطر میں تقریبا تین ہفتے جاری رہنے والے بالواسطہ مذاکرات سے امریکہ اور اسرائیل اچانک دستبردار ہو گئے۔

(جاری ہے)

حماس کے ترجمان طاہر النونو نے فرانسیسی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ کے بیانات حیران کن ہیں خاص طور پر ایسے وقت میں جب مذاکرات میں کچھ اہم امور پر پیش رفت ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تاحال ہمیں کسی بھی معاملے میں رکاوٹ یا مسائل کے حوالے سے باقاعدہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔طاہر النونو جو حماس کی اعلی سیاسی قیادت کے قریبی سمجھے جاتے ہیں نے مذاکرات سے امریکہ اور اسرائیل کے انخلا پر بھی حیرت کا اظہار کیا۔