بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے مندر میں بھگدڑ مچنے سے 6افراد ہلاک، 25زخمی

اتوار 27 جولائی 2025 14:50

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) بھارت کی شمالی ریاست اتراکھنڈ کے ایک مشہور ہندو مندر میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم 6افراد ہلاک اور25دیگر زخمی ہوگئے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ بھگدڑ کا یہ واقعہ ہریدوار شہر میں گنگا کے کنارے واقع مانسا دیوی مندر کی سیڑھیوں پر پیش آیاجہاں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔

سینئر پولیس افسر پرمندر دوبھال نے صحافیوں کو بتایا کہ 6افراد ہلاک ہوئے ہیں اور زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ امداد اور بچا ئوکی کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ میں اس معاملے پر مقامی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

بھارت میں مذہبی تہواروں کے دوران بھگدڑ اور ہجوم کے دبا ئوکے نتیجے میں ہلاکتیں ایک معمول بن چکا ہے۔جون میں ریاست اوڈیشہ میں ایک ہندو تہوار کے دوران اچانک بھیڑ بڑھنے سے بھگدڑ مچ گئی تھی جس میں کم از کم 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔مئی میں مغربی ریاست گوا میں ایک رسم کے دوران ہزاروں لوگوں کے جمع ہونے پر 6افراد کچل کر ہلاک ہو گئے تھے۔جنوری میں شمالی شہر الہ آباد میں ہندئوں کے کمبھ میلے کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم 30 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔