صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈووکیٹ کا ڈھوڈہ چوک اور خیرماتو چوک کا دورہ

اتوار 27 جولائی 2025 19:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم چترالی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام کے ہمراہ ڈھوڈہ چوک اور خیرماتو چوک پر مجوزہ انٹرچینج کی سائیٹ کا دورہ کیا اور جاری کام اور درپیش رکاوٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کام میں مزید تاخیر ہر گز نہ کی جائے اور عوامی سہولت کے پیش نظر اس کام کو بلا تاخیر مکمل کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ اہلِ علاقہ کو درپیش مسائل بھی فوری طور پر حل کئے جائیں گے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت مفاد عامہ کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی اور ضلعی انتظامیہ کوہاٹ ہر سطح پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی تاکہ مفاد عامہ کے منصوبوں کوبر وقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام نے منصوبوں کی موجودہ صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی اور عوام الناس کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔دریں اثناء وزیر قانون نے ڈھوڈہ-شادی خیل روڈ پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا جسے 10کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کام کو تیز کرنے اور معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر اس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔