بیرسٹر ڈاکٹر سیف کی سربراہی میںبارہ رکنی پاکستانی وفد بیجنگ پہنچ گیا

وفد میںسکالرز، ممتاز عالم دین اور سیاستدان شامل ،چینی وزارت خارجہ نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا

اتوار 27 جولائی 2025 21:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیربرائے اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کی سربراہی میں پاکستانی علماء کرام، اسلامی اسکالرز اور سیاستدانوں پر مشتمل وفد سنکیانگ اور کاشغر کے دورے کے بعد آج چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گیا جہاں چین کے وزارت خارجہ نے وفدکاپرتپاک استقبال کیا۔ وفد نے بیجنگ میں چین کی پہلی سرکاری مسجد کا دورہ کیا، جہاں اسلامک ایسوسی ایشن آف چائنا کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور دیگر اعلیٰ ذمہ داران سے ملاقات ہوئی۔

مسجد کے امام اور ایسوسی ایشن کے قائدین نے وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔چیئرمین اسلامک ایسوسی ایشن نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پورے چین میں اس وقت تقریباً 35,000 مساجد، 55,000 امام حضرات اور ایک درجن سے زائد اسلامک سنٹرز فعال ہیں۔

(جاری ہے)

صرف بیجنگ شہر میں 72 مساجد قائم ہیں۔ اسلامک ایسوسی ایشن کے 8 ذیلی شعبے ملک بھر میں کام کر رہے ہیں، جہاں ملکی سطح پر مختلف مقابلے بھی منعقد ہوتے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ قرآن مجید اور احادیث مبارکہ کے تراجم چینی زبان میں دستیاب ہیں۔ رواں سال چین سے 10 ہزار افراد نے فریضہء حج ادا کیا، اور کئی طلبہ کو جامعہ الازھر مصر بھی بھیجا گیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے ذمہ داران نے بتایا کہ جب بھی کسی مقام پر پاکستانیوں سے ملاقات ہوتی ہے، تو دلی خوشی محسوس کرتے ہیں۔اس موقع پر وفد کے سربراہ بیرسٹر محمد علی سیف نے پاکستان کی طرف سے چین کے مذہبی قائدین کا شکریہ ادا کیا اور ارومچی، کاشغر و بیجنگ جیسے شہروں کے دورے کو نہایت مفید قرار دیا۔

مفتی زبیر اشرف عثمانی نائب صدر دارالعلوم کراچی،مولانا عبدالقدوس محمدی ترجمان وفاق المدارس،مفتی انور شاہ مہتمم جامعہ احسن العلوم کراچی،حاجی محمد ابرار تبلیغی جماعت اور مولانا محمد احمد دارالعلوم حقانیہ اور سادات سید شاہ فیصل نے اسلامک ایسوسی ایشن کے قائدین کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی اور چینی طلبہ کے لیے پاکستان کے دینی مدارس میں مفت تعلیم، رہائش اور تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کی پیشکش کی۔

وفد نے باہمی رابطوں کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور اس سلسلے میں اسرار مدنی اور ان کے ادارے انٹر نیشنل ریسرچ کونسل برائے مذہبی امور کی کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیا۔وفد میں شامل صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اوقاف صاحبزادہ عدنان قادری اور وزیر برائے سوشل ویلفیئر سید قاسم علی شا ہ نے چائنہ کے دورے کو پاک چائنہ دوستی کا اہم سنگ میل قرار دیا اور اسے ایک منفرد آئیڈیا قرار دیا۔

پاکستان امن کونسل کے چیئرمین سید اسامہ اجمل اور سادات موومنٹ کے ہیڈ سید شاہ فیصل نے بھی چائنیز حکومت اور اسلامک ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا۔وفد کے رکن ڈاکٹر ضیاء الحق نے ''پیغامِ پاکستان'' کے پیغام اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور میزبانوں کو پیغامِ پاکستان کی کتب بطور تحفہ پیش کیں۔چینی حکام نے وفد کیلئے تاریخی دیوار چین کا وزٹ کرایا، اس کے علاہ فاربڈن سٹی اور اہم تاریخی و ثقافتی مقامات پر بریفنگ دی۔آخر میں دونوں ممالک کے وفود نے ایک دوسرے کو یادگاری تحائف پیش کیے اور اس ملاقات کو باہمی دینی، تعلیمی اور ثقافتی روابط کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔