ہیپاٹائٹس پاکستان میں ہر سال ہزاروں افراد کو موت کی نیند سلا رہا ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

پیر 28 جولائی 2025 16:37

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) ہیپاٹائٹس ایک خاموش قاتل ہے جو پاکستان میں ہر سال ہزاروں افراد کو موت کی نیند سلا رہا ہے بدقسمتی سے عوام کی بڑی تعداد آج بھی اس بیماری کی نوعیت، اسباب، علامات اور بچاؤ کی تدابیر سے لاعلم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے شریفاں بی بی میموریل ہسپتال کوبے چک میں عالمی یوم ہیپاٹائٹس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ جب تک ہم اجتماعی شعور، سائنسی معلومات اور صحت کے شعبے میں انقلابی اصلاحات کو فروغ نہیں دیں گے، تب تک ہم ہیپاٹائٹس جیسے امراض کا مؤثر مقابلہ نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر محفوظ انتقال خون، غیر معیاری سرنجوں کا استعمال، آلودہ پانی اور ذاتی صفائی کی کمی اس بیماری کے پھیلاؤ کے بڑے عوامل ہیں، جن سے بچاؤ کے لیے ہمیں معاشرتی اور حکومتی سطح پر مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے شریفاں بی بی میموریل ہسپتال کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے معاشرے کے پسماندہ اور دیہی طبقے کو نہ صرف طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں بلکہ صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں،عوام کو بیماری سے بچاؤ کی ویکسی نیشن، ابتدائی تشخیص، اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی دی جائے تاکہ بیماری کی شدت کو ابتدائی مرحلے میں ہی روکا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت، پرائیویٹ سیکٹر، میڈیکل ادارے اور میڈیا کو چاہیے کہ وہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کام کریں اور ہیپاٹائٹس کی روک تھام کو قومی ترجیح بنایا جائے۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے مفت ہیپاٹائٹس بی اور سی کی سکریننگ کیمپ کا افتتاح کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہر فورم پر صحت عامہ کے مسائل کو اجاگر کرتی رہیں گی۔ اس موقع پر درجنوں افراد نے مفت سکریننگ کی سہولت سے فائدہ بھی اٹھایا۔