بابوسر ناران شاہراہ جزوی طور پر بحال، 10 افراد سیلابی تباہ کاریوں میں جاں بحق

پیر 28 جولائی 2025 16:37

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) گلگت بلتستان میں حالیہ شدید بارشوں اور اچانک سیلابی ریلوں کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر شاہراہ بابوسر پر جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں تیزی لائی گئی ہے۔ ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق نجی ٹی وی کے اینکر شبانہ لیاقت اور ان کے اہلِ خانہ سمیت دیگر لاپتہ سیاحوں کی تلاش جاری ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ شاہراہ بابوسر پر تقریباً 15 سیاح سیلابی ریلوں میں بہہ گئے تھے، جن کی تلاش میں مقامی کمیونٹی اور رضاکار بھی شریک ہیں۔ فیری میڈوز میں پھنسے تمام سیاحوں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ چلاس میں اب تک آٹھ افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ صوبے بھر میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 10 ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور ریسکیو و سرچ آپریشن کو مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

ترجمان کے مطابق شاہراہ بابوسر پر ملبے کے وسیع و عریض ڈھیر سرچ آپریشن میں مشکلات پیدا کر رہے ہیں تاہم ہیوی مشینری کے ذریعے شاہراہ کو ون وے ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔مسافروں کو محتاط انداز میں سفر کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :