Live Updates

ڈی ایچ اے سے والد سمیت سیلاب میں بہہ جانیوالی لڑکی نہ مل سکی، 6 روز بعد سرچ آپریشن ختم

آپریشن کے دوران بوٹ پٹرولنگ، انڈر واٹر سکوبا، مقناطیس پھینکنے اور پیدل سرچ کے تمام ذرائع بروئے کار لائے گئے

Sajid Ali ساجد علی پیر 28 جولائی 2025 14:18

ڈی ایچ اے سے والد سمیت سیلاب میں بہہ جانیوالی لڑکی نہ مل سکی، 6 روز بعد ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جولائی 2025ء ) راولپندی کے پوش علاقہ ڈی ایچ اے سے والد سمیت سیلاب میں بہہ جانے والی لڑکی نہ مل سکی، لڑکی اپنے والد سمیت گاڑی میں 22 جولائی کو برساتی پانی میں بہہ گئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے ڈیچ ایچ اے فیز5 سے گاڑی میں والد سمیت سیلابی پانی میں بہہ جانے والی لڑکی کی تلاش کا آپریشن ختم کر دیا گیا ہے، 6 روز تک جاری رہنے والے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں لڑکی کو تلاش کرنے کی کوشش کی گئی، اس مقصد کے لیے دریائے سواں میں جائے وقوعہ سے گورکھپور کے مقام تک سرچ آپریشن کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ اس سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران بوٹ پٹرولنگ، انڈر واٹر سکوبا، مقناطیس پھینکنے اور پیدل سرچ کے تمام ذرائع بروئے کار لائے گئے لیکن بدقسمتی سے 6 دن جاری رہنے والے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران بھی لڑکی کا کہیں سے کوئی سراغ نہیں ملا جب کہ لڑکی کے والد کی لاش سرچ آپریشن کے دریائے سواں سے تلاش کرلی گئی تھی، گاڑی اور بیٹی سمیت سیلابی پانی میں بہہ جانے والے پاک فوج کے ریٹائرڈ کرنل کی لاش دریائے سواں کے کنارے سے ملی تھی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث علاقہ زیر آب آ چکا تھا کہ ڈی ایچ اے کے رہائشی فوج کے 64 سالہ ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی اپنی 25 سالہ بیٹی کے ہمراہ گاڑی میں گھر سے نکلے کہ راستے میں ان کی گاڑی خراب ہوگئی اور اسی دوران سیلابی پانی کا ایک بڑا ریلہ آ یا اور بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے دونوں باپ بیٹی بھی گاڑی کے ساتھ ہی پانی میں بہہ گئے۔

حادثے کے بعد ریسکیو حکام نے بتایا کہ پانی میں بہہ جانے والے افراد کی تلاش شروع کردی گئی، پولیس اور ریسکیو 1122 کے غوطہ خوروں نے سرچ آپریشن میں حصہ لیا، پہلے مرحلے میں ڈی ایچ اے کے برساتی نالے میں تلاش کا عمل مکمل کیا گیا جس کے بعد دریائے سواں کے داخلی و خارجی راستوں پر سرچ آپریشن کیا گیا جہاں سے ریسکیو ٹیموں کو پہلے گاڑی کا بمپر اور سائیڈ مرر ملے پھر گاڑی کا بونٹ اور دروازہ بھی دریائے سواں پل کے نیچے سے ملا لیکن گاڑی کا کچھ پتہ نہیں چل سکا تھا بعد ازاں پاک فوج کے ریٹائرڈ کرنل کی لاش بھی دریائے سواں کے کنارے سے ملی تاہم ان کی بیٹی کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات