آئی سی سی آئی کا تجارتی وفد دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کیلئے بنگلہ دیش روانہ

پیر 28 جولائی 2025 18:52

آئی سی سی آئی کا تجارتی وفد دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو فروغ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا ایک تجارتی وفد صدر ناصر منصور قریشی کی قیادت میں دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لئے بنگلہ دیش روانہ ہو گیا۔ وفد میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر ناصر محمود چوہدری اور ممتاز کاروباری رہنما اور پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں کے نمائندے شامل ہیں۔

اس دورے کا بنیادی مقصد اقتصادی تعلقات کو بڑھانا، ابھرتے ہوئے کاروباری مواقع تلاش کرنا اور بنگلہ دیش میں اہم سٹیک ہولڈرز کے ساتھ باہمی فائدہ مند تعاون کو فروغ دینا ہے۔وفد منگل کو ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کا دورہ کرے گا جہاں ہائی کمشنر بنگلہ دیش کے موجودہ کاروباری ماحول، تجارتی امکانات اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی راہوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیں گے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی آئی کا وفد ڈھاکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ بزنس ٹو بزنس (بی 2 بی ) ملاقاتیں بھی کرے گا۔ توقع ہے کہ ان ملاقاتوں سے مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں اور شراکت داری کے امکانات تلاش کئے جائیں گے جو باہمی ترقی اور طویل مدتی تعاون میں سہولت فراہم کریں گے۔دورے پر روانگی سے قبل اپنی گفتگو میں آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے اس اقدام کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مضبوط تجارتی اور اقتصادی روابط کی تعمیر کے لئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہ مصروفیت بنگلہ دیشی مارکیٹ کے بارے میں قیمتی بصیرت پیش کرے گی اور نیٹ ورکنگ، نالج شیئرنگ اور سٹریٹجک پارٹنرشپ کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے اسلام آباد میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کے اس اہم اقدام کو آسان بنانے کے لئے اس کی مستقل حمایت اور تعاون پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی علاقائی تجارت، اقتصادی سفارتکاری کو فروغ دینے اور پاکستان کی کاروباری برادری کے زیادہ سے زیادہ فائدے کے لئے کاروباری مواقع کی تلاش کے لئے پرعزم ہے۔