معرکہ حق ،جشن ِ آزادی کی تقریبات بھرپور قومی جذبے سے منائی جائیں، گورنر سندھ کی متعلقہ حکام کو ہدایت

پیر 28 جولائی 2025 18:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ معرکہ حق، جشن آزادی تقریبات نئی نسل کو آزادی کی جدوجہد، قومی ہیروز کی قربانیوں اور پاکستانیت کے شعور سے روشناس کرانے کا بہترین ذریعہ ہیں، یکم تا 14 اگست معرکہ حق، جشن ِ آزادی کی تقریبات بھرپور قومی جذبے سے منائی جائیں۔پیر کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے صوبہ کے اسکولز ڈائریکٹر ز، پرنسپلز اور ایسوسی ایشنز کے چیئرمینز، صدور اور دیگر عہدیداروں سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔

گورنر سندھ نے ہدایت کی کہ اسکولز اور کالجز میں تمام تقریبات منظم انداز میں منعقد کی جائیں، بچوں اور اساتذہ کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے اپنی عمارتوں کو سبز ہلالی پرچم، قومی رنگوں اور جذبہ حب الوطنی سے مزین کریں۔ ملاقات میں ڈائریکٹر اسکول پروجیکٹس اے پی ایس ایم اے نوید شام ، ڈائریکٹر اسکول شہزاد اقبال، آل سندھ پرائیویٹ اسکول کے چیئرمین حیدر علی ،آل پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن سندھ کے چیئرمین سید طارق شاہ،آل پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن کراچی کے صدر فرقان بلال محفوظ سمیت مختلف اسکول کے پرنسپل اور دیگر عہدیداروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔