ماحولیاتی تبدیلی صرف عالمی سطح پر نہیں، مقامی سطح پربھی فوری توجہ کا متقاضی ہے، فیصل کنڈی

پیر 28 جولائی 2025 20:16

ماحولیاتی تبدیلی صرف عالمی سطح پر نہیں، مقامی سطح پربھی فوری توجہ کا ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء)گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ ماحولیاتی تبدیلی صرف عالمی سطح پر نہیں بلکہ مقامی سطح پر بھی فوری توجہ کا متقاضی ہے،ماحولیاتی تبدیلی صرف سائنسی مسئلہ نہیں بلکہ سماجی، معاشی اور اخلاقی مسئلہ بھی ہے،خیبر پختونخوا صوبہ اس وقت ماحولیاتی و موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے شدید متاثر ہو رہا ہے، صوبہ شدید موسمی حالات، گلیشیئرز کے پگھلنے، سیلاب، اور جنگلاتی آتشزدگی جیسے خطرات کا سامنا کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں NYCCC کے زیرانتظام ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے متعلق کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر NYCCC محمدعمیرمفکر،چیف ایگزیکٹیو آفیسر NDMRF بلال انور، کلائمیٹ آفیسریونیسف پاکستان مس جویریہ ،ماہرین ماحولیاتی تبدیلی اورنوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے شرکاء نے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اور چیلنجز پرقابوپانے سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کانفرنس کے شرکاء کو گورنر ہاؤس آمد پر خوش آمدید کہا۔انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اورچیلنجزپرقابوپانے سے متعلق ایسی کانفرنسز کا انعقاد خوش آئند قراردیااورکہاکہ یہ کانفرنس، تحقیق، مکالمے اور مشترکہ کوششوں کے فروغ کا بہترین ذریعہ ہے۔

گورنرنے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلی صرف ماحولیاتی خطرہ نہیں بلکہ اقتصادی اور معاشرتی خطرہ بھی ہے۔ہمیں ماحولیاتی مزاحمت کے لیے جامع حکمت عملی اپنانا ہوگی، جیسے کہ پائیدار ترقیاتی منصوبہ بندی، صاف توانائی کی طرف منتقلی، آفات سے بچاؤ کے نظام میں بہتری اور سب سے بڑھ کر عوام میں شعور بیدار کرنا شامل ہے۔انہوںنے کہاکہ ہمیں ان طبقات کی آواز بھی سننی ہوگی جو ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

یہی موقع ہے کہ ہم ایک پائیدار، سرسبز اور محفوظ مستقبل کی طرف قدم بڑھائیں۔گورنرنے کہاکہ نوجوان علاقائی و ملکی سطح پر ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات سے متعلق آگاہی مہم میں بھرپور حصہ لیں اوراپنی مؤثر آواز، علم و تحقیق سے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق حکومتی پالیسی سازی میں حصہ ڈالیں۔گورنرنے کہاکہ یہ مسئلہ ہمارے وقت کا سب سے بڑا چیلنج ہے، لیکن یہی موقع ہے کہ ہم ایک پائیدار، سرسبز اور محفوظ مستقبل کی طرف قدم بڑھائیں۔کانفرنس کے اختتام پر گورنرنے شرکاء میں تعارفی شیلڈز بھی تقسیم کیے۔